پاک بھارت کشیدگی، پی ایس ایل کے بقیہ میچز دبئی منتقل کرنے کا فیصلہ

پاکستان اور بھارت کے درمیان جاری کشیدہ صورتحال کے باعث پی ایس ایل کے بقیہ میچز کو بیرون ملک منتقل کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا ہے، تاہم ایونٹ کے بقیہ میچز کے وینیوز اور شیڈول کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔
پی سی بی کے مطابق پی ایس ایل سیزن 10 کے تحت 8 میچز کھیلے جانا ابھی باقی ہیں، ان تمام میچز کو ری شیڈول کرکے وینیوز اور تاریخوں کا اعلان جلد کردیا جائے گا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پی ایس ایل کے بقیہ میچز دبئی میں ہونگے، لیگ کے شیڈول میں 6 سے 7 روز کا فرق آسکتا ہے، غیر ملکی کھلاڑی پہلی دستیاب فلائٹ سے دبئی روانہ ہوجائیں گے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پی سی بی لیگ کو اسی ماہ مکمل کرنے کے لیے پرعزم ہے۔
واضح رہے کہ 7 اور 8 مئی کی شب بھارت نے ایک بار پھر جارحیت کی کوشش کی، تاہم پاکستانی مسلح افواج پوری طرح چوکس ہیں۔
بھارت نے مختلف شہروں میں ڈرونز کے ذریعے دراندازی کی کوشش کی، لاہور کے قریب ایک ڈرون حملے میں پاک فوج کے 4 جوان زخمی ہوئے جبکہ میانوسندھ میں بھارتی ڈرون کی کارروائی میں 1 شہری شہید اور 1 زخمی ہوا۔
لائن آف کنٹرول پر دشمن کو بھاری نقصان پہنچایا گیا اور بھارت کے 12 ڈرونز کو مختلف مقامات پر مار گرایا گیا، عالمی برادری بھارت کی اشتعال انگیزی کی گواہ ہے۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News