شہر اقتدار سمیت ملک کے بالائی علاقوں میں موسلادھار بارشوں سے گرمی کا زور ٹوٹ گیا

اسلام آباد، راولپنڈی اور ملک کے دیگر بالائی علاقوں میں گرج چمک، آندھی اور موسلادھار بارشوں کے باعث موسم خوشگوار ہو گیا ہے۔ وفاقی دارالحکومت میں آندھی اور تیز بارش سے گرمی کا زور ٹوٹا اور درجہ حرارت میں نمایاں کمی واقع ہوئی۔
راولپنڈی میں شدید آندھی اور بارش
راولپنڈی میں گرج چمک کے ساتھ شدید آندھی کے بعد بارش شروع ہوئی، جس کے نتیجے میں مری روڈ سمیت کئی مقامات پر ٹریفک کم ہو گئی۔ شہری ژالہ باری کے خوف سے محفوظ مقامات کی تلاش میں دکھائی دیے۔ بارش کے بعد شہر میں موسم خوشگوار ہو گیا۔
مری میں بارش، بجلی غائب، سیاح کمروں تک محدود
ملکہ کوہسار مری میں بھی گرج چمک کے ساتھ تیز بارش ہوئی، جس سے سرد موسم نے ڈیرے ڈال دیے۔ بارش کے آغاز کے ساتھ ہی بجلی بند ہو گئی، جس کے باعث سیاح اپنے کمروں تک محدود ہو کر رہ گئے۔ دن کے وقت رات کا سماں دکھائی دیا۔
جہلم میں گرد آلود ہواؤں کے بعد بارش
جہلم اور گردونواح میں گرد آلود تیز ہواؤں اور کالی گھٹاؤں کے بعد گرج چمک کے ساتھ بارش کا سلسلہ شروع ہوا۔ حبس اور گرمی سے ستائے شہریوں نے سکھ کا سانس لیا، جب کہ درجہ حرارت میں کمی سے موسم خوشگوار ہو گیا۔
خیبر پختونخوا: ہری پور میں آندھی سے تباہی، ایک بچہ جاں بحق
خیبرپختونخوا کے کئی اضلاع میں تیز آندھی، بارش اور طوفانی ہواؤں کا سلسلہ جاری رہا۔ ہری پور کے علاقے خانپور میں آندھی کے باعث درخت اور دیواریں گر گئیں۔ سرادنہ گاؤں میں ایک گھر کی دیوار گرنے سے تین بچے ملبے تلے دب گئے، جن میں ایک جاں بحق اور دو زخمی ہو گئے۔ مقامی افراد امدادی کارروائیوں میں مصروف ہیں۔
ایبٹ آباد، مانسہرہ اور کرک میں بارش اور کالی گھٹائیں
ایبٹ آباد، نتھیاگلی، ایوبیہ، چھانگلہ گلی اور ٹھنڈیانی سمیت سیاحتی مقامات پر بارش اور گھٹا چھائے رہے۔ مانسہرہ میں بارش کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے، جب کہ ندی نالوں میں طغیانی اور لینڈ سلائیڈنگ کے خطرے کے پیش نظر ضلعی انتظامیہ نے سیاحوں کو ہائی الرٹ جاری کر دیا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق بارشوں کا سلسلہ چار مئی تک جاری رہنے کا امکان ہے۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News

