ملک بھر میں مون سون کی شدید بارشوں کا الرٹ، فلڈ ایمرجنسی کا خدشہ

این ڈی ایم اے نے عوام اور اداروں کو ہائی الرٹ رہنے کی ہدایت دے دی۔
نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے آئندہ 3 سے 4 روز کے دوران ملک کے مختلف علاقوں میں مون سون بارشوں اور ممکنہ سیلابی صورتحال کے پیش نظر الرٹ جاری کر دیا ہے۔
ترجمان این ڈی ایم اے کے مطابق 29 جون سے 5 جولائی تک موسلادھار بارشیں متوقع ہیں، جن کے باعث شہری سیلاب، لینڈ سلائیڈنگ اور دریاؤں میں طغیانی جیسے خطرات بڑھ گئے ہیں۔
کن علاقوں میں بارش اور سیلاب کا خدشہ ہے؟
کشمیر، اسلام آباد، پوٹھوہار ریجن، شمالی و وسطی خیبر پختونخوا میں مسلسل بارشوں کا امکان ہے۔
پشاور، چارسدہ، نوشہرہ اور کوہاٹ میں شہری سیلاب کی وارننگ جاری کر دی گئی ہے۔
راولپنڈی، اسلام آباد، اٹک اور چکوال میں آج رات 9 بجے سے صبح 4 بجے تک شدید بارش متوقع ہے۔
جہلم، منڈی بہاؤالدین، گجرات، سیالکوٹ، گوجرانوالہ، نارووال اور لاہور میں بھی موسلادھار بارش کا امکان ہے، جس سے فیصل آباد اور سرگودھا ڈویژن کے نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہونے اور مقامی سیلابی صورتحال پیدا ہو سکتی ہے۔
پہاڑی و دریا کنارے علاقوں کے لیے خطرے کی گھنٹی:
ہزارہ، مالاکنڈ، آزاد کشمیر اور پیر پنجال کے علاقوں میں شدید بارشوں کے نتیجے میں ندی نالوں میں طغیانی اور لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ ہے۔
دریائے کابل، دریائے سوات، چترال اور ہنزہ سے منسلک علاقوں میں پانی کے بہاؤ میں نمایاں اضافہ متوقع ہے۔
سندھ کے ساحلی شہروں میں الرٹ:
2 سے 5 جولائی کے دوران کراچی، حیدرآباد، ٹھٹھہ اور بدین میں شدید بارشوں کے باعث اربن فلڈنگ کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔
عوام کے لیے احتیاطی تدابیر:
ترجمان این ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ تیز بارش اور آندھی کے دوران کمزور عمارتوں، کچی دیواروں، بجلی کے کھمبوں اور بل بورڈز سے دور رہیں۔
حد نگاہ کم ہونے کی صورت میں ڈرائیونگ سے اجتناب کریں، کیونکہ اس سے حادثات کا خدشہ بڑھ جاتا ہے۔
تمام شہری پاک این ڈی ایم اے ڈیزاسٹر الرٹ ایپ سے موسم، ممکنہ خطرات اور ہنگامی اقدامات سے متعلق بروقت معلومات حاصل کریں۔
اداروں کو ہدایات:
این ڈی ایم اے نے تمام ضلعی و صوبائی انتظامیہ، ریسکیو، میونسپل، اور لوکل گورنمنٹ اداروں کو ہدایت دی ہے کہ وہ ممکنہ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے پیشگی تیاری اور ضروری اقدامات یقینی بنائیں۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News