جاپان، ٹوکارا جزائر میں دو ہفتوں میں 1 ہزار سے زائد زلزلے ریکارڈ، عوام خوفزدہ

جنوب مغربی جاپان کے ٹوکارا جزائر میں آج سہ پہر شدت 5.5 کا زلزلہ آیا، جو گزشتہ دو ہفتوں کے دوران ریکارڈ کیے گئے 1,000 سے زائد زلزلہ نما جھٹکوں کے بعد پیش آیا۔
مقامی حکام اور میڈیا نے اس سلسلہ وار زلزلہ خیزی کو غیر معمولی قرار دیا ہے۔
زلزلے کا سب سے شدید اثر اکوسیکی جزیرے پر محسوس کیا گیا، جہاں شدت 7 تک ریکارڈ کی گئی۔
خوش قسمتی سے، جزیرے پر موجود تمام 76 افراد محفوظ قرار دیے گئے ہیں۔ نہ کوئی جانی نقصان ہوا، نہ املاک کو نقصان پہنچا، اور نہ ہی سونامی کا کوئی خطرہ جاری کیا گیا۔
زلزلے کے بعد مقامی انتظامیہ نے انخلاء کا حکم جاری کیا، جس کے بعد مقامی باشندوں نے اسکولوں میں پناہ لے لی ہے۔
گاؤں کی کونسل جزیرے سے مکمل انخلاء پر غور کر رہی ہے تاکہ شہریوں کی سلامتی کو یقینی بنایا جا سکے۔
اکوسیکی جیما کی رہائشی چیزوکو آریکاوا نے جاپانی اخبار کو بتایا، زلزلے سے پہلے رات کو سمندر سے ایک عجیب گرجنے کی آواز آتی ہے، جیسے کوئی آ رہا ہو۔ یہ انتہائی خوفناک ہوتا ہے۔
ایک اور رہائشی نے کہا کہ نیند آنا بھی مشکل ہو گیا ہے۔ ایسا لگتا ہے جیسے زمین ہر وقت ہل رہی ہو۔
مقامی ویب سائٹ پر جاری ایک نوٹس میں بتایا گیا ہے کہ رہائشی مسلسل زلزلوں، نیند کی کمی اور دباؤ کا شکار ہیں۔
انتظامیہ نے میڈیا سے غیر ضروری انٹرویوز یا سوالات سے گریز کی اپیل کی ہے تاکہ مقامی آبادی کو سکون مل سکے۔
جاپانی عوام میں بڑھتے ہوئے زلزلوں کے بعد یہ خدشات سر اٹھا رہے ہیں کہ کسی بڑے اور تباہ کن زلزلے کا خطرہ منڈلا رہا ہے۔ سوشل میڈیا اور مقامی حلقوں میں اس حوالے سے بے چینی دیکھی جا رہی ہے۔
واضح رہے کہ جاپان دنیا کے ان ممالک میں شامل ہے جو سب سے زیادہ زلزلہ خیز ہیں، جہاں ہر سال تقریباً 1,500 زلزلے ریکارڈ کیے جاتے ہیں۔
مگر اس بار کی زلزلہ خیزی کا تسلسل اور شدت نے سائنسدانوں اور عوام دونوں کو تشویش میں مبتلا کر دیا ہے۔
زلزلہ شناسی کے ماہرین اس وقت زلزلوں کی اس غیر معمولی لہر کا تفصیلی تجزیہ کر رہے ہیں تاکہ اگلے ممکنہ خطرے کی پیشگوئی کی جا سکے۔ تاہم ابھی تک کوئی حتمی انتباہ جاری نہیں کیا گیا۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News