پاکستان کے لیے ایک اور اچھی خبر، یورپی یونین سے 20 ملین یورو کے ترقیاتی معاہدوں پر دستخط

پاکستان اور یورپی یونین کے درمیان 20 ملین یورو کی مالی امداد پر مبنی ایک اہم معاہدے پر دستخط ہو گئے ہیں، جس کا مقصد پاکستان میں گورننس کی بہتری اور کاروباری ماحول کو مزید سازگار بنانا ہے۔
معاہدے پر دستخط پاکستان میں یورپی یونین کی سفیر رینا کیونکا اور سیکرٹری اقتصادی امور ڈاکٹر کاظم نیاز نے کیے۔
اس موقع پر ترجمان اقتصادی امور ڈویژن نے بتایا کہ اس گرانٹ کا استعمال خصوصی طور پر چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباری اداروں (SMEs) کی استعداد بڑھانے، مسابقت کو فروغ دینے، اور نجی شعبے کو فعال بنانے کے لیے کیا جائے گا۔
ترجمان کے مطابق یہ مالی تعاون ادارہ جاتی اصلاحات اور نجی شعبے کی ترقی کے لیے جاری اُڑان پاکستان منصوبے سے مکمل ہم آہنگ ہے، جس کا مقصد پاکستان کو ایک زیادہ مربوط، مؤثر اور مسابقتی معیشت میں ڈھالنا ہے۔
اس موقع پر اظہارِ خیال کرتے ہوئے سیکرٹری اقتصادی امور ڈاکٹر کاظم نیاز نے یورپی یونین کے مسلسل تعاون اور شراکت داری پر شکریہ ادا کیا اور کہا کہ یہ معاہدہ پاکستان کے اقتصادی ڈھانچے میں بہتری لانے میں مددگار ثابت ہوگا۔
یورپی یونین کی سفیر رینا کیونکا نے کہا کہ یہ معاہدہ پاکستان کو ایک مضبوط، جامع اور پائیدار معیشت بنانے میں یورپی یونین کے عزم کی عکاسی کرتا ہے۔ ہم خاص طور پر خواتین کی زیرِ قیادت کاروباروں اور نجی و سرکاری شراکت داریوں میں سرمایہ کاری کے ذریعے پاکستان کے بہتر مستقبل کی تشکیل میں کردار ادا کر رہے ہیں۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News