ٹاس نے بدل دی سیاسی قسمت، خواتین نشست پر اے این پی بازی لے گئی

خیبر پختونخوا اسمبلی میں مخصوص نشستوں سے متعلق اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، جہاں خواتین اور اقلیتوں کی مخصوص نشستوں پر فیصلہ الیکشن کمیشن کی زیر نگرانی مکمل ہوا۔
الیکشن کمیشن کے مطابق خواتین کی مخصوص نشست پر عوامی نیشنل پارٹی (اے این پی) اور پاکستان تحریک انصاف پارلیمنٹرینز (پی ٹی آئی پی) کے مابین قرعہ اندازی (ٹاس) کا فیصلہ ہوا، جس میں اے این پی نے کامیابی حاصل کی۔ نتیجتاً، اے این پی کی امیدوار شاہدہ وحید کو کامیاب قرار دیا گیا۔
قرعہ اندازی کا عمل دفتر صوبائی الیکشن کمشنر پشاور میں الیکشن کمیشن کی نگرانی میں مکمل کیا گیا، جس میں دونوں جماعتوں کے وفود نے شرکت کی۔ اے این پی کے وفد کی قیادت نثار باز جبکہ پی ٹی آئی پی کے وفد کی قیادت ارباب وسیم جیات نے کی۔
دوسری جانب مسلم لیگ (ن) نے اقلیتوں کی مخصوص نشست پر جمیعت علمائے اسلام (ف) کے حق میں دستبرداری کا اعلان کیا۔ اس سیاسی مفاہمت کے نتیجے میں جے یو آئی (ف) کو اسمبلی میں ایک اضافی اقلیتی نشست مل گئی۔ مسلم لیگ ن کے وفد کی قیادت امیر مقام نے کی، جبکہ جے یو آئی (ف) کی نمائندگی مولانا عطاالرحمان نے کی۔
الیکشن کمیشن نے بتایا کہ کامیاب امیدواروں کا باضابطہ اعلامیہ جلد جاری کیا جائے گا۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News

