بنکاک میں سڑک اچانک 160 فٹ دھنس گئی، ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل

تھائی لینڈ کے دارالحکومت بنکاک میں اچانک پیش آنے والے خوفناک حادثے نے سب کو چونکا دیا، جہاں ایک مصروف شاہراہ پر زمین اچانک دھنس گئی۔
یہ واقعہ گزشتہ روز صبح سام سین روڈ پر پیش آیا، جہاں زمین 30 بائے 30 میٹر کے رقبے پر بیٹھ گئی اور گڑھا 50 میٹر (160 فٹ) گہرا ہو گیا۔
حادثے کے نتیجے میں دو بجلی کے کھمبے، ایک پولیس کی کار، ایک ٹو ٹرک اور دیگر گاڑیاں زمین میں جا گریں، ٹریفک معطل اور علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔
پولیس کے مطابق گڑھے کا مقام واجیرا اسپتال، پولیس اسٹیشن اور اسکول کے بالکل قریب تھا، جس کے باعث فوری طور پر قریبی علاقے خالی کرائے گئے۔
سوشل میڈیا پر سامنے آنے والی ویڈیوز میں گاڑیوں کو اچانک الٹی سمت بھاگتے اور لوگوں کو خوفزدہ ہوتے دیکھا جا سکتا ہے، مناظر کسی فلمی منظر سے کم نہ تھے۔
بینکاک کے گورنر چڈچارٹ ستیپنٹ کا کہنا ہے کہ یہ زمین کا دھنسنا ممکنہ طور پر زیرِ زمین میٹرو اسٹیشن کی جاری تعمیرات کی وجہ سے ہوا۔
متاثرہ مقام پر مسلسل بارش اور خراب موسم نے امدادی کاموں میں رکاوٹ ڈالی، تاہم خوش قسمتی سے کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔
پولیس اسٹیشن کو بھی نقصان پہنچا ہے، جبکہ نیشنل پولیس کمشنر نے فوری تحقیقات اور متعلقہ اداروں کو فوری بحالی کا حکم دے دیا ہے۔
پانی کی بڑی پائپ لائنوں کی مرمت، سڑک کی بحالی اور عوامی تحفظ کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں تاکہ مزید کسی خطرے سے بچا جا سکے۔
بینکاک جیسے جدید شہر میں اچانک زمین کا یوں بیٹھ جانا اربن پلاننگ اور زیرِ زمین تعمیرات کے خطرات پر سوالیہ نشان بن چکا ہے۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News