وزیراعظم آزاد کشمیر کو مستعفی ہونے کا پیغام، پیپلز پارٹی نے آج کی مہلت دے دی

مظفرآباد: پیپلز پارٹی نے وزیراعظم آزاد کشمیر کو عہدے سے مستعفی ہونے کا پیغام بھجوا دیا ہے، وزیراعظم کو آج تک کے لیے استعفے کی مہلت دی گئی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم کو مستعفی ہونے کا پیغام پیپلز پارٹی اور ن لیگ کے مشترکہ دوست کے ذریعے پہنچایا گیا۔
پیغام میں کہا گیا ہے کہ آپ بطور وزیراعظم قانون ساز اسمبلی کا اعتماد کھو چکے ہیں، اکثریت کا اعتماد نہ ہونے کے باوجود عہدے پر برقرار رہنا ہٹ دھرمی ہے۔
ذرائع کے مطابق پیپلز پارٹی کے پاس تحریک عدم اعتماد کے لیے مطلوبہ نمبرز مکمل ہیں اور تحریک پر اراکین کے دستخط بھی کرائے جا چکے ہیں۔
پیغام میں وزیراعظم کو مشورہ دیا گیا ہے کہ حقیقت پسند بن کر از خود استعفیٰ دے دیں، یہ آپ کے وقار اور سیاسی قد کاٹھ میں اضافہ کرے گا۔
پیپلز پارٹی ذرائع کے مطابق استعفیٰ نہ دینے کی صورت میں وزیراعظم کو تحریک عدم اعتماد کا سامنا کرنا پڑے گا۔
پیغام میں مزید کہا گیا ہے کہ پیپلز پارٹی سیاست میں رواداری اور شائستگی کی قائل ہے، تاہم اگر وزیراعظم نے خود عہدہ نہ چھوڑا تو اپوزیشن تحریک کے ذریعے انہیں ہٹانے کے لیے تیار ہے۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News

