اردن، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی شاہ عبداللہ دوم سے ملاقات، دفاعی و سلامتی تعاون بڑھانے پر اتفاق

فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے اردن کا سرکاری دورہ کیا، جہاں انہوں نے اردن کے شاہ عبداللہ دوم بن الحسین سے اہم ملاقات کی۔ ملاقات میں اردن کے ولی عہد شہزادہ الحسن بن عبداللہ بھی موجود تھے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے دفاع اور سلامتی کے شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے، خطے کی بدلتی صورتحال اور باہمی دلچسپی کے امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔
آرمی چیف نے پاکستان کے عوام، حکومت اور مسلح افواج کی جانب سے شاہ عبداللہ کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اردن کے ساتھ گہرے برادرانہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے لیے پرعزم ہے۔
شاہ عبداللہ نے پاکستان کی مسلح افواج کی پیشہ ورانہ مہارت، علاقائی امن و استحکام کے لیے کردار اور قربانیوں کو سراہا اور پاکستان کے ساتھ دفاعی اشتراک کو مزید فروغ دینے کی خواہش کا اظہار کیا۔
فیلڈ مارشل عاصم منیر نے اردن کے چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف میجر جنرل یوسف احمد سے بھی جنرل ہیڈ کوارٹرز عمان میں ملاقات کی، جہاں انہیں اردنی مسلح افواج کے دستے نے گارڈ آف آنر پیش کیا۔
دونوں عسکری قیادتوں نے پاکستان اور اردن کی افواج کے تاریخی تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔ میجر جنرل یوسف احمد نے علاقائی امن و سیکیورٹی کے فروغ کے لیے پاکستان کی مسلح افواج کے کردار کو خراجِ تحسین پیش کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا یہ دورہ دونوں برادر ممالک کے درمیان دفاعی تعلقات اور خطے میں امن و تعاون کے فروغ میں سنگِ میل ثابت ہوگا۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News

