اردن، سعودی عرب اور قطر کی اسرائیلی اقدامات کی شدید مذمت

اردن، سعودی عرب اور قطر نے اسرائیل کی جانب سے مقبوضہ مغربی کنارے کے انضمام کے فیصلے کی سخت مذمت کی ہے۔
تینوں نمایاں عرب ممالک نے اسرائیلی فیصلے کی سخت مذمت کرتے ہوئے اسے عالمی قانون کی صریح خلاف ورزی قرار دیا ہے۔
اردنی وزارتِ خارجہ کے مطابق اسرائیل کا یہ اقدام دو ریاستی حل اور فلسطینی عوام کے حقِ خودارادیت کو نقصان پہنچاتا ہے۔
اردن نے واضح کیا کہ اسرائیل کی خودمختاری کی کوششیں، غیرقانونی پالیسیاں اور مقبوضہ بیت المقدس میں خلاف ورزیاں ناقابلِ قبول ہیں، اور عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ اسرائیل کو خطرناک اقدامات سے باز رکھے۔
سعودی عرب نے بھی اس اقدام کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیل کی آبادکاری اور توسیع پسندانہ پالیسیوں کو مسترد کرتے ہیں۔ سعودی وزارتِ خارجہ نے عالمی برادری سے اپیل کی کہ وہ غزہ پر اسرائیلی حملے بند کرانے کیلئے فوری اقدامات کرے۔
اسی طرح قطر نے بھی اسرائیلی پارلیمنٹ کے فیصلے کو فلسطینیوں کے حقوق سلب کرنے کی کوشش قرار دیا ہے۔ قطری وزارتِ خارجہ نے کہا کہ یہ اقدام اقوامِ متحدہ کی قراردادوں کے منافی ہے، اور عالمی برادری کو چاہیے کہ وہ اسرائیل پر دباؤ بڑھائے تاکہ وہ اپنے توسیع پسندانہ منصوبوں سے باز آئے۔
قطر نے ایک بار پھر اپنے مؤقف کو دہراتے ہوئے کہا کہ وہ مسئلہ فلسطین کے دو ریاستی حل اور فلسطینی عوام کی حمایت جاری رکھے گا۔
واضح رہے کہ اسرائیلی پارلیمنٹ نے مغربی کنارے کے الحاق سے متعلق ایک ابتدائی بل منظور کر لیا ہے، جس کے حق میں 25 جبکہ مخالفت میں 24 ووٹ دیے گئے۔
اسرائیلی میڈیا کے مطابق یہ بل مستقبل میں فلسطینی علاقوں کے انضمام کی راہ ہموار کرسکتا ہے۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News