ویمنز ورلڈکپ میں بھارت کی مسلسل ناکامیاں، سوشل میڈیا پر شدید تنقید

ویمنز ون ڈے ورلڈکپ 2025 میں بھارتی خواتین کرکٹ ٹیم کی مسلسل تیسری شکست کے بعد نہ صرف ان کی سیمی فائنل تک رسائی کے امکانات کمزور پڑ گئے ہیں بلکہ سوشل میڈیا پر شدید تنقید کا سامنا بھی کرنا پڑ رہا ہے۔
اتوار کے روز اندور کے ہولکر اسٹیڈیم میں کھیلے گئے سنسنی خیز مقابلے میں انگلینڈ نے بھارت کو صرف 4 رنز سے شکست دے کر سیمی فائنل میں جگہ پکی کر لی۔
جبکہ بھارتی ٹیم کی قیادت کرنے والی ہرمن پریت کور کے لیے یہ تیسرا لگاتار ناکامی کا دھچکہ تھا۔ اس سے قبل بھارت کو آسٹریلیا اور جنوبی افریقہ کے ہاتھوں بھی شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔
بھارتی شائقین اور سوشل میڈیا صارفین نے ٹیم کی کارکردگی کو مایوس کن قرار دیتے ہوئے کھلاڑیوں کو آڑے ہاتھوں لیا۔ بعض صارفین نے تو طنزاً یہ تک کہا کہ ٹیم کو کرکٹ چھوڑ کر واپس کچن میں جانا چاہیے۔
اس کے ساتھ ساتھ، کئی صارفین نے یہ سوال بھی اٹھایا کہ جب ویمن کرکٹرز کو مرد کرکٹرز کے برابر میچ فیس دی جا رہی ہے تو کارکردگی میں برابری کیوں نہیں؟
یاد رہے کہ بھارتی کرکٹ بورڈ (BCCI) نے 2022 میں مرد و خواتین کرکٹرز کے لیے یکساں میچ فیس کا اعلان کیا تھا، جس کے تحت ٹیسٹ میچ کے لیے 15 لاکھ، ون ڈے کے لیے 6 لاکھ اور ٹی20 کے لیے 3 لاکھ روپے دیے جاتے ہیں۔ تاہم، سینٹرل کنٹریکٹس میں واضح فرق اب بھی موجود ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق بھارت کو ویمنز ورلڈکپ کا فیورٹ سمجھا جا رہا تھا تاہم مسلسل شکستوں نے ان کی پوزیشن کمزور کر دی ہے۔
اب ٹیم کو نیوزی لینڈ اور بنگلادیش کے خلاف اپنے آنے والے میچز ہر صورت جیتنے ہوں گے ورنہ سیمی فائنل تک رسائی تقریباً ناممکن ہو جائے گی۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News