پنجاب میں بلدیاتی الیکشن دسمبر میں ہونگے، الیکشن کمیشن نے محفوظ فیصلہ جاری کردیا

اسلام آباد: الیکشن کمیشن آف پاکستان نے پنجاب میں بلدیاتی انتخابات سے متعلق محفوظ فیصلہ سنا دیا، فیصلے کے مطابق صوبے میں بلدیاتی انتخابات دسمبر کے آخری ہفتے میں کرائے جائیں گے۔
الیکشن کمیشن نے ہدایت دی ہے کہ پنجاب میں بلدیاتی انتخابات موجودہ قانون، پنجاب لوکل گورنمنٹ ایکٹ 2022، کے تحت کروائے جائیں۔
فیصلے کے مطابق الیکشن کمیشن کل سے صوبے میں نئی حلقہ بندیوں کا عمل شروع کرے گا، جو دو ماہ کے اندر مکمل کیا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ حلقہ بندیوں کی تکمیل کے فوراً بعد انتخابی شیڈول جاری کیا جائے گا تاکہ دسمبر کے اختتام تک بلدیاتی عمل کو مکمل کیا جا سکے۔
فیصلہ چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی زیر صدارت چار رکنی بنچ نے سنایا ہے، الیکشن کمیشن نے پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کے انعقاد میں پیش رفت کے لیے کئی بار کوششیں کیں، جبکہ سندھ، بلوچستان، خیبر پختونخوا اور کینٹونمنٹ میں بلدیاتی انتخابات کامیابی سے کرائے گئے۔
الیکشن کمیشن کے مطابق پنجاب حکومت نے بلدیاتی انتخابات میں رکاوٹیں ڈالیں، حالانکہ بلدیاتی انتخابات آئینی ذمہ داری ہیں۔
پنجاب میں بلدیاتی انتخابات میں تاخیر تین سال سے زائد ہو چکی ہے اور سابقہ مقامی حکومت کی مدت 31 دسمبر 2021 کو ختم ہو چکی تھی۔
چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ نے کہا کہ پنجاب میں بلدیاتی انتخابات میں تین سال نو ماہ سے تاخیر ہو چکی ہے، اور یہ نہ صرف الیکشن کمیشن بلکہ مختلف حکومتوں کے لیے باعث شرمندگی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وقت آگیا ہے کہ الیکشن کمیشن اس معاملے میں فیصلہ کرے اور حلقہ بندی کے عمل کا آغاز کرے۔
یاد رہے کہ سپریم کورٹ پہلے ہی واضح کر چکی ہے کہ بلدیاتی انتخابات میں رکاوٹ ڈالنے پر سنجیدہ نتائج سامنے آئیں گے، اس لیے الیکشن کمیشن کی ذمہ داری ہے کہ وہ پنجاب میں انتخابات کے انعقاد کو یقینی بنائے۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News