معاشی شرح نمو میں بہتری، نیشنل اکاؤنٹس کمیٹی نے 3.04 فیصد کی منظوری دے دی

نیشنل اکاؤنٹس کمیٹی کا 114واں اجلاس اسلام آباد میں منعقد ہوا جس کی صدارت سیکرٹری منصوبہ بندی، ترقی و خصوصی اقدامات نے کی۔
اجلاس میں مالی سال 2024-25 کی چوتھی سہ ماہی اور سالانہ معاشی شرح نمو کی منظوری دی گئی۔
اجلاس میں بتایا گیا کہ مالی سال 2024-25 کے دوران مجموعی ملکی پیداوار (جی ڈی پی) کی شرح نمو 3.04 فیصد ریکارڈ کی گئی، جو کہ پچھلے تخمینے 2.68 فیصد سے بہتر ہے۔
پاکستان کی معیشت کا مجموعی حجم 407.2 ارب ڈالر جبکہ فی کس آمدنی 1812 ڈالر رہی۔
چوتھی سہ ماہی میں معیشت نے 5.66 فیصد کی نمایاں ترقی دکھائی، جو پورے سال کی کارکردگی کا بہترین دور رہا۔ پہلی سہ ماہی میں شرح نمو 1.80 فیصد، دوسری میں 1.94 فیصد اور تیسری میں 2.79 فیصد رہی۔
زرعی شعبے نے مالی سال کے دوران 1.51 فیصد کی نمو دکھائی، حالانکہ اہم فصلوں کی پیداوار میں 13.12 فیصد کمی ہوئی۔
تاہم دیگر فصلوں میں 19.55 فیصد کا اضافہ دیکھنے میں آیا، اور سبزیوں، پھلوں اور تمباکو کی پیداوار دو ہندسوں میں بڑھی۔ لائیوسٹاک شعبہ 2.94 فیصد جبکہ جنگلات کا شعبہ 2.66 فیصد بڑھا۔
صنعتی شعبے کی شرح نمو 5.26 فیصد رہی، جس میں کھدائی، معدنیات اور مینوفیکچرنگ کی کارکردگی بہتر رہی۔ اگرچہ بڑے پیمانے کی مینوفیکچرنگ میں 0.69 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی، تاہم بہتری کے آثار ظاہر ہو رہے ہیں۔
تعمیراتی شعبے میں 6.63 فیصد اور بجلی، گیس و پانی کی فراہمی میں 28.53 فیصد کا نمایاں اضافہ دیکھا گیا۔
خدمات کے شعبے کی شرح نمو 3 فیصد رہی۔ اس میں ٹرانسپورٹ، فنانس اور آئی ٹی سیکٹر نے اہم کردار ادا کیا۔
مالیاتی و انشورنس سرگرمیوں میں 3.9 فیصد، تعلیم میں 4.13 فیصد اور صحت کے شعبے میں 3.56 فیصد اضافہ ہوا۔ جبکہ عوامی انتظامیہ و سماجی تحفظ میں 9.88 فیصد نمو دیکھی گئی۔
کمیٹی نے نیشنل اکاؤنٹس ٹیم، وزارت منصوبہ بندی، وزارت خزانہ اور اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی کاوشوں کو سراہا اور اعداد و شمار کی تیاری میں ان کے کردار کی تعریف کی۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News