مراکش کے ساحل پر المناک منظر، ہر آنکھ کو رنجیدہ کردیا

مراکش کے شمالی ساحلی قصبے فنیدق (Fnideq) میں ایک ایسا منظر دیکھا گیا جس نے عرب دنیا کو ہلا کر رکھ دیا ہے۔
مراکش کا ایک کم عمر لڑکا اپنے خوابوں کی تلاش میں اسپین کے شہر سبتہ (Ceuta) کی طرف تیر کر ہجرت کرنے کی کوشش کر رہا ہے، جبکہ ماں ساحل پر اسے رخصت یا سمندر کی بے رحم موجوں کے حوالے کر رہی تھی۔ جب بچہ سمندر کی گہرائی میں داخل ہوتا ہے تو ماں بے بسی سے رو رہی ہے۔
یہ ویڈیو سوشل میڈیا پر آتش جنگل کی طرح پھیل گئی اور محمد بوعزیزی کی یاد تازہ ہوگئی۔
عینی شاہدین کے مطابق مراکش کا یہ واقعہ 14 اکتوبر کو پیش آیا۔ اطلاعات کے مطابق لڑکے کی عمر 12 سے 15 سال کے درمیان ہے۔ اس کا ہدف محض 14 کلومیٹر کے فاصلے پر واقع شہر سبتہ پہنچنا تھا، جو جغرافیائی طور پر مراکش میں مگر سیاسی طور پر اسپین کا حصہ ہے۔
بحیرۂ روم کی ٹھنڈی اور تیز لہریں مگر اس مختصر فاصلے کو زندگی اور موت کی لکیر میں بدل دیتی ہیں۔ کوسٹ گارڈ نے بعد میں لڑکے کو تلاش کر کے بحفاظت نکال لیا، تاہم اس کی حالت نازک تھی۔
یہ واقعہ اس غریبی، مایوسی اور بے بسی کی علامت ہے جس نے مراکش جیسے خوبصورت مگر بدحال ملک کو اپنی لپیٹ میں لے رکھا ہے۔ کبھی سیاحوں کے لیے جنت کہلانے والا یہ مغربی افریقی ساحلی ملک آج بدعنوانی، طبقاتی خلیج اور حکومتی عیاشی کے باعث اقتصادی تباہی کا شکار ہے۔
فنیدق اور شمالی ساحل کے سینکڑوں خاندان روزگار سے محروم ہیں اور نوجوانوں کے لیے نہ تعلیم باقی ہے نہ مستقبل۔ نتیجتاً وہ اپنی قسمت آزمانے کے لیے کشتیاں جلا دیتے ہیں اور سمندر کی بے رحم موجوں کے حوالے ہو جاتے ہیں۔
اقوام متحدہ کے مطابق گزشتہ چند برسوں میں شمالی افریقہ سے غیر قانونی ہجرت کے دوران سینکڑوں افراد بحیرۂ روم میں ڈوب چکے ہیں۔ مگر ہر نئی موت کے بعد بھی ساحل پر ایک نیا خواب، ایک نیا مہاجر آتا ہے۔
مراکش حکومت نے اس واقعے پر رسمی بیان دیتے ہوئے کہا ہے کہ غیر قانونی ہجرت روکنے کے لیے اقدامات جاری ہیں، مگر انسانی حقوق کی تنظیموں کے مطابق مسئلہ قوانین کا نہیں، ناانصافی اور غربت کا ہے۔ جب تک نوجوانوں کو اپنے وطن میں عزت کے ساتھ جینے کا موقع نہیں ملے گا، وہ موت کو زندگی پر ترجیح دیتے رہیں گے اور جب حکمران عیاشی میں ہوں، تو عوام سمندر کی طرف دیکھنے لگتے ہیں۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News