وزیراعظم ہاؤس میں دیوالی کی شاندار تقریب، اقلیتوں کے حقوق اور خدمات کو خراجِ تحسین

وزیراعظم ہاؤس میں دیوالی کے مقدس موقع پر ایک خصوصی تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں ملک بھر سے ہندو برادری کے نمائندہ افراد، اقلیتی رہنما، طلبہ، اور مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والی شخصیات نے شرکت کی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے ہندو برادری کو دیوالی کی دلی مبارکباد پیش کی اور اقلیتوں کے حقوق، خدمات اور قومی کردار کو بھرپور انداز میں سراہا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ دیوالی خوشی، امن، بھائی چارے اور رواداری کا خوبصورت پیغام لاتی ہے جو پاکستان کے آئین اور معاشرتی اقدار سے مکمل ہم آہنگ ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان میں تمام اقلیتوں کو مکمل مذہبی آزادی حاصل ہے اور قیامِ پاکستان سے لے کر آج تک اقلیتوں نے تعلیم، صحت، قانون، معیشت اور سیاست سمیت ہر شعبے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) سمیت تمام سیاسی جماعتوں میں اقلیتوں کی نمائندگی موجود ہے، اور قومی اسمبلی، سینیٹ، صوبائی اسمبلیوں میں اقلیتوں کی آئینی موجودگی اس بات کا ثبوت ہے کہ پاکستان سب کا ملک ہے۔
انہوں نے اعلان کیا کہ قومی اقلیتی کمیشن کو مزید فعال بنانے کی منظوری دے دی گئی ہے، جو اقلیتوں کے مسائل کے حل اور پالیسی سازی میں کلیدی کردار ادا کرے گا۔
وزیراعظم نے اس موقع پر اقلیتی نوجوانوں کے لیے خصوصی اسکالرشپس، یوتھ پروگرامز اور روزگار کے مواقع کو حکومت کی ترجیح قرار دیا۔
انہوں نے بتایا کہ اقلیتوں کے مذہبی تہواروں کے لیے بھی بجٹ میں خصوصی فنڈز مختص کیے گئے ہیں تاکہ ان مواقع کو بہتر طریقے سے منایا جا سکے۔
آخر میں وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ یہ ملک کسی ایک قوم یا مذہب کا نہیں بلکہ ہم سب کا ہے۔ اقلیتیں ہمارے معاشرتی وجود کا روشن چہرہ ہیں اور ان کی خوشیوں میں شریک ہونا ہماری قومی ذمہ داری ہے۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News