ایسا سندھ چاہتے ہیں جہاں باصلاحیت خواتین اور مردوں کو مالی وسائل حاصل ہوں، مراد علی شاہ

وزیرِ اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ ان کا مقصد واضح ہے اور وہ ہے ایک ایسے سندھ کی تشکیل جہاں ہر باصلاحیت عورت اور مرد کو مالی وسائل تک رسائی حاصل ہو، روزگار قائم کرنے کا موقع ملے اور وہ مشترکہ خوشحالی میں اپنا حصہ ڈال سکیں۔
مراد علی شاہ نے غربت میں کمی اور مالی شمولیت کے شعبے میں اپنی حکومت کی نمایاں کامیابیاں پیش کیں اور محروم طبقوں، خصوصاً خواتین، نوجوانوں اور دیہی خاندانوں کو بااختیار بنانے کے لیے ایک مستقبل بین حکمتِ عملی کا اعلان کیا۔
وہ یہ بات پاکستان مائیکروفنانس نیٹ ورک کے زیرِ اہتمام مقامی ہوٹل میں منعقدہ نویں سالانہ مائیکروفنانس کانفرنس 2025 کی اختتامی نشست سے خطاب کرتے ہوئے کر رہے تھے۔
سندھ ان اولین صوبوں میں شامل ہے جنہوں نے جامع غربت میں کمی کی حکمتِ عملی اپنائی، جس کی بنیاد مالی شمولیت پر رکھی گئی۔
عوامی غربت میں کمی کے پروگرام (پی پی آر پی) جیسے منصوبوں کے توسیعی دائرے کو اجاگر کرتے ہوئے حکام نے بتایا کہ یہ پروگرام صرف دو اضلاع سے بڑھ کر 24 اضلاع تک پہنچ چکا ہے اور دیہی سندھ کے لاکھوں گھرانوں کو پی پی آر پی اور سَکسَیس منصوبے کے تحت کمیونٹی گروپس میں منظم کیا گیا ہے۔
سب سے نمایاں بات یہ ہے کہ 1 لاکھ 70 ہزار سے زائد خواتین کو کمیونٹی قرضوں کے ذریعے اپنا کاروبار شروع کرنے کا موقع ملا جس نے دیہی سندھ کے سماجی و معاشی منظرنامے کو بدل کر رکھ دیا ہے۔
وزیرِ اعلیٰ نے کہا کہ حکومت کا نقطۂ نظر صرف مائیکرو کریڈٹ تک محدود نہیں۔ ہنر سکھانے، سماجی تنظیم سازی، موسمیاتی اثرات سے محفوظ مکانات، پانی کی فراہمی اور بنیادی ڈھانچے کی بہتری، دیہی سڑکوں کے نیٹ ورک کی توسیع اور مقامی دستکاروں کے لیے نمائشوں اور ڈیجیٹل پلیٹ فارمز کے ذریعے منڈیوں تک بہتر رسائی، سندھ حکومت دیہی زندگی کو بنیادی سطح سے تبدیل کر رہی ہے۔
وزیرِ اعلیٰ نے کہا کہ غربت میں کمی کے پروگراموں میں اب موسمیاتی لچک مرکزی حیثیت اختیار کر چکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سیلاب اور شدید موسمی حالات سے بحالی کی ضرورت کے پیشِ نظر سندھ کے ترقیاتی ماڈل میں سیلاب کے بعد کاروبار کی بحالی، قدرتی آفات سے تیاری اور موسمیاتی لحاظ سے محفوظ مکانات کی تعمیر کو شامل کر لیا گیا ہے۔
ان کے مطابق، یہ اقدامات اس بات کو یقینی بناتے ہیں کہ کمیونٹیز صرف زندہ نہ رہیں بلکہ طویل مدت میں ترقی بھی کریں۔
انہوں نے بتایا کہ صوبے کی یہ پیش رفت عالمی تعاون کا نتیجہ ہے۔ بین الاقوامی شراکت داروں—یورپی یونین، جس نے سَکسَیس اور پیڈار پروگراموں کی مالی معاونت کی، اقوامِ متحدہ کی صنعتی ترقی کی تنظیم (یونائیڈو) بطور تکنیکی شراکت دار، پاکستان مائیکروفنانس نیٹ ورک اور مختلف مائیکروفنانس بینکوں اور فِن ٹیک کمپنیوں نے اس کامیابی میں کلیدی کردار ادا کیا۔
ان اداروں نے پالیسی تعاون، شعبہ جاتی اصلاحات اور نینو لینڈنگ اور موبائل والٹس جیسے نئے مالیاتی ذرائع کو فروغ دینے میں مدد دی۔
وزیرِ اعلیٰ کے مطابق خواتین اس تبدیلی کی اصل قوت بن کر ابھری ہیں کیونکہ قرض حاصل کرنے والوں میں تقریباً نصف تعداد خواتین کی ہے۔ حکومت نے ایشیائی ترقیاتی بینک (اے ڈی بی) کے ویمن اِنکلیوسِو فنانس فسیلٹی کے کردار کو بھی سراہا جس نے خواتین کے لیے مالی رسائی کے فرق کو کم کرنے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔
آئندہ کے حوالے سے مراد علی شاہ نے کہا کہ سندھ حکومت نے شمولیتی مالیات کے لیے ایک جامع روڈ میپ تیار کیا ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ اس منصوبے کے اہم عناصر میں یورپی یونین اور اقوام متحدہ کی تنظیم برائے صنعتی ترقی (یو این آئی ڈی او) کے منصوبہ پائیدار (پی اے آئی ڈی اے آر) کے اشتراک سے ضمانتی بنیادوں پر ایک مشترکہ مالیاتی سہولت کا آغاز شامل ہے، جس کا مقصد خواتین، نوجوانوں، اقلیتوں اور مائیکرو انٹرپرائزز کے لیے آسان قرضوں کی فراہمی کو ممکن بنانا ہے۔
مستقبل کے منصوبوں میں صوبائی فنڈنگ میں اضافے اور کمرشل بینکوں کے ساتھ مزید مضبوط روابط کے ذریعے ان کوششوں کو وسعت دینے کا بھی ہدف شامل ہے۔
مراد علی شاہ نے کہا کہ ڈیجیٹل تبدیلی اس منصوبے کا دوسرا ستون ہے جس میں موبائل بینکنگ، ڈیجیٹل والٹس اور مالیاتی ٹیکنالوجی (فن ٹیک) کے اشتراک کو فروغ دینے پر زور دیا گیا ہے۔
سندھ حکومت ڈیجیٹل آن بورڈنگ کے طریقہ کار کو آسان بنانے، دیہی علاقوں میں رابطے کو بہتر کرنے اور ڈیجیٹل خواندگی بڑھانے پر کام کر رہی ہے تاکہ دور دراز علاقوں کی آبادی بھی اس سہولت سے محروم نہ رہے۔
وزیراعلیٰ نے بتایا کہ بے زمین کسانوں، نوجوانوں اور اقلیتوں کے لیے مخصوص مالیاتی مصنوعات تیار کی جا رہی ہیں۔ ان میں گروپ گارنٹی، ویلیو چین فنانسنگ اور اسلامی مائیکروفنانس شامل ہوں گی جن کے لیے کم خواندگی والے افراد کے لیے آسان تصدیقی اور درخواست کے طریقہ کار متعارف کرائے جائیں گے۔
نئے مالیاتی ماڈل میں ماحولیاتی لحاظ سے موزوں طریقے بھی شامل ہیں جیسے فصل اور مویشیوں کی انشورنس، ہنگامی قرضے اور بچت کی سہولیات، نیز شمسی توانائی سے آبپاشی اور سیلاب سے محفوظ مکانات کے لیے سبز مالیات۔ یہ تمام اقدامات پائیدار کی تازہ تحقیق سے حاصل شدہ نتائج کی روشنی میں ترتیب دیے جا رہے ہیں تاکہ مالی شمولیت کو موسمیاتی تبدیلی کے تقاضوں سے ہم آہنگ کیا جا سکے۔
کانفرنس کے اختتام پر حکام نے بینکوں، مائیکروفنانس اداروں، ڈونرز، فن ٹیک کمپنیوں اور ریگولیٹری اداروں پر زور دیا کہ وہ سندھ کی مالیاتی صورتحال کے مطالعے کے نتائج کو بنیاد بنا کر پالیسی سازی میں شواہد پر مبنی فیصلے کریں اور نئی اختراعی مصنوعات تیار کریں۔
مقرر نے کہا کہ’سندھ حکومت ان ماڈلز کو صوبے بھر میں آزمائش، توسیع اور نفاذ کے لیے تیار ہے۔ انہوں نے پائیدار ترقی کے لیے شراکت داری کو کامیابی کی کنجی قرار دیا۔
اختتامی سیشن میں وزیراعلیٰ نے دیہی خواتین اور کمیونٹی کی سطح پر قائم کاروباری اداروں کے جذبۂ خود انحصاری کو سراہتے ہوئے کہا کہ ہمارا مقصد واضح ہے کہ ایک ایسا سندھ تشکیل دیا جائے جہاں ہر محنتی مرد و عورت کو مالی سہولت تک رسائی ہو، روزگار کے مواقع پیدا ہوں اور اجتماعی خوشحالی میں حصہ ڈال سکیں۔‘‘
تقریب کا اختتام ترقیاتی شراکت داروں کے شکریے اور ایک زیادہ مضبوط، شمولیتی اور مواقع سے بھرپور سندھ کے قیام کے عزم کے اعادے پر ہوا۔
پاکستان مائیکروفنانس نیٹ ورک کے چیف ایگزیکٹو آفیسر سید محسن احمد اور دیگر ماہرین نے بھی تقریب سے خطاب کیا۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News