کراچی، 48 انچ قطر لائن کی مرمت کا کام مکمل، متاثرہ علاقوں میں پانی کی فراہمی بحال

کراچی واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن نے نارتھ ایسٹ پمپنگ اسٹیشن K-II کی 48 انچ قطر کی متاثرہ رائزنگ مین لائن کی مرمت مکمل کر کے متاثرہ علاقوں میں پانی کی فراہمی بحال کر دی ہے۔
چیف آپریٹنگ آفیسر انجینئر اسداللہ خان نے مرمتی کاموں کا تفصیلی معائنہ کیا اور فراہمی آب کی فوری بحالی کے لیے حکام کو تمام وسائل بروئے کار لانے کی ہدایت دی۔
واٹر کارپوریشن کے ترجمان کے مطابق نارتھ ایسٹ پمپنگ اسٹیشن K-II کی متاثرہ 48 انچ قطر کی لائن کی مرمت کا کام جمعرات کے روز مکمل کر لیا گیا، جس کے بعد پانی کی فراہمی مرحلہ وار بحال کر دی گئی ہے۔
چیف آپریٹنگ آفیسر واٹر کارپوریشن انجینئر اسداللہ خان نے متاثرہ رائزنگ مین لائن پر جاری مرمتی سرگرمیوں کا موقع پر جا کر جائزہ لیا۔ اس موقع پر متعلقہ انجینئرز اور تکنیکی عملہ بھی ان کے ہمراہ موجود تھا۔
انجینئر اسداللہ خان نے ہدایت کی کہ فراہمی آب کے نظام کو مستقل بنیادوں پر بہتر بنانے کے لیے مرمتی و بحالی کے تمام کاموں کی رفتار تیز کی جائے اور شہریوں کو پانی کی فراہمی بلا تعطل جاری رکھی جائے۔
انہوں نے شہریوں سے پانی کی فراہمی میں تعطل کے باعث ہونے والی تکالیف پر معذرت کرتے ہوئے کہا کہ واٹر کارپوریشن عوام کو بہتر سہولیات فراہم کرنے کے لیے دن رات کوشاں ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ مستقبل میں فراہمی آب کے نظام کو مزید مستحکم، فعال اور پائیدار بنانے کے لیے جامع منصوبہ بندی کی جا رہی ہے۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News