پاکستان میں فٹبال کے فروغ کے لیے واضح روڈ میپ کی ضرورت ہے، نائب صدر فیفا

اسلام آباد: فیفا کے نائب صدر شیخ سلمان بن ابراہیم الخلیفہ نے کہا کہ پاکستان میں فٹبال کے فروغ کے لیے واضح روڈ میپ کی ضرورت ہے۔
چیرمین وزیراعظم یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد خان نے فیفا کے نائب صدر شیخ سلمان بن ابراہیم الخلیفہ کے ہمراہ پریس کانفرنس کی۔
شیخ سلمان نے کہا کہ پاکستان میں باصلاحیت نوجوان موجود ہیں اور حکومت کھیلوں سمیت مختلف شعبوں میں نوجوانوں کو مواقع فراہم کر رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ کئی سال بعد پاکستان آکر بے حد خوشی محسوس کر رہا ہوں، میری آخری آمد 2017 میں ہوئی تھی، اور اس بار پاکستان آنے کا وقت نہایت موزوں ہے۔
فیفا کے نائب صدر نے کہا کہ پاکستان میں فٹبال کے فروغ کے لیے واضح روڈ میپ کی ضرورت ہے، یہاں فٹبال کا بے پناہ پوٹینشل اور شائقین کی گہری دلچسپی موجود ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ فٹبال دنیا کا مقبول ترین کھیل ہے، اور فیفا پاکستان میں فٹبال کے فروغ کے لیے ہر ممکن تعاون کرے گا۔
شیخ سلمان نے بی ایف ایف (پاکستان فٹبال فیڈریشن) کے صدر سید جیلانی کی قیادت میں منتخب باڈی کو خوش آئند قرار دیا اور کہا کہ حکومت کی جانب سے کھیلوں، خصوصاً فٹبال کے لیے حمایت نہایت اہم ہے۔
انہوں نے کہا کہ ماضی کی بات نہیں کرنا چاہتا، اب حال اور مستقبل پر توجہ دینا ضروری ہے۔
اس موقع پر رانا مشہود احمد خان نے کہا کہ شیخ سلمان کی فٹبال کے فروغ کے لیے خدمات قابلِ تحسین ہیں، حکومت پاکستان کھیلوں کے فروغ کے لیے ہر سطح پر اقدامات جاری رکھے گی۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News

