بھارت میں مسافر اور کارگو ٹرین میں خوفناک تصادم، 11 افراد ہلاک متعدد زخمی

مرکزی بھارت میں ایک مسافر ٹرین کے مال بردار ٹرین سے ٹکرا جانے کے نتیجے میں کم از کم 11 افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔
یہ افسوسناک حادثہ گزشتہ روز چھتیس گڑھ ریاست کے شہر بلاسپور کے قریب پیش آیا، جو ریاستی دارالحکومت رائے پور سے تقریباً 115 کلومیٹر شمال مشرق میں واقع ہے۔
مقامی حکام کے مطابق مسافر ٹرین مال بردار ٹرین کے پیچھے سے ٹکرا گئی ایک مسافر کوچ مال بردار ٹرین کے ایک ویگن کے اوپر چڑھ گئی، جس کے بعد ریسکیو ٹیموں کو اس کو نیچے لانے اور کھولنے میں کئی گھنٹے لگے، اور اس دوران مزید تین لاشیں برآمد ہوئیں۔
حادثے میں مسافر ٹرین کے ڈرائیور کی موت ہو گئی، جبکہ اس کی خاتون معاون ڈرائیور شدید زخمی ہو گئی اور اسے ہسپتال میں داخل کرایا گیا۔ کم از کم 20 افراد زخمی ہوئے ہیں، جنہیں مقامی اسپتالوں میں علاج کے لیے منتقل کیا گیا۔
انڈین ریلوے نے اس حادثے کی تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے اور مرنے والوں اور زخمیوں کے اہل خانہ کے لیے مالی امداد کا اعلان کیا ہے۔ چھتیس گڑھ کے وزیر اعلیٰ، وشنو دیو سائی نے متاثرہ خاندانوں سے تعزیت کا اظہار کیا ہے۔
بھارت میں ٹرین کے تصادم کے واقعات نایاب نہیں ہیں۔ ہر روز ملک بھر میں 14,000 ٹرینوں پر 12 ملین سے زائد افراد سفر کرتے ہیں، اور حکومتی کوششوں کے باوجود ہر سال درجنوں حادثات پیش آتے ہیں، جنہیں اکثر انسانی غلطی یا پرانے سگنلنگ سسٹمز کا نتیجہ قرار دیا جاتا ہے۔
2023 میں مشرقی ریاست اڈیشہ میں ایک حادثے میں کم از کم 288 افراد ہلاک ہوگئے تھے جو بھارت کے سب سے مہلک ترین ٹرین حادثات میں سے ایک تھا۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News

