کوشش ہوگی بابر اعظم کو آؤٹ کرکے شائقین کو چپ کروائیں، جنوبی افریقی کپتان

فیصل آباد: جنوبی افریقہ کے کپتان میتھیو بریٹزکی نے اقبال اسٹیڈیم میں پری میچ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ کوشش ہوگی بابر اعظم کو آؤٹ کرکے شائقین کو چپ کروائیں۔
فیصل آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے جنوبی افریقہ کے کپتان نے کہا کہ پاکستان میں میزبانی شاندار ہے، ٹیم پرجوش ہے اور ہم فیصل آباد میں کھیل کر بھرپور لطف اندوز ہوں گے۔
میتھیو برٹزکی کا کہنا تھا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ کی میزبانی مثالی ہے، یہاں کے لوگ کرکٹ سے بے پناہ محبت کرتے ہیں۔ فیصل آباد میں کھیلنے کا تجربہ یادگار ہوگا کیونکہ شائقین کا جوش ہمیشہ غیر معمولی رہتا ہے۔
جنوبی افریقی کپتان کہتے ہیں کہ ان کی ٹیم نے ٹی ٹوئنٹی سیریز سے بہت کچھ سیکھا ہے اور کوشش ہوگی کہ ون ڈے سیریز میں وہی غلطیاں دوبارہ نہ ہوں۔ ٹیم کا فوکس مکمل طور پر متوازن کھیل پیش کرنے پر ہے۔
میتھیو برٹزکی نے بابر اعظم کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ وہ دنیا کے بہترین بلے بازوں میں سے ایک ہیں اور انہیں آؤٹ کرنا کسی بھی بولر کے لیے چیلنج ہوتا ہے، ہم کوشش کریں گے انہیں جلد آؤٹ کرکے شائقین کو خاموش کرا سکیں۔
جنوبی افریقی کپتان نے مزید کہا کہ پاکستان کے کرکٹ فینز دنیا بھر میں اپنی توانائی اور جوش کے لیے جانے جاتے ہیں، فیصل آباد میں شائقین کی موجودگی میچ کے مزے کو دوبالا کردے گی۔
واضح رہے کہ پاکستان اور جنوبی افریقہ کی ٹیموں کے درمیان پہلا ون ڈے میچ کل فیصل آباد کے اقبال اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا، جہاں دونوں ٹیمیں سیریز میں برتری حاصل کرنے کے لیے میدان میں اتریں گی۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News

