مضر صحت سمجھی جانے والی یہ 3 غذائیں اتنی بھی مضر نہیں

مضر صحت سمجھی جانے والی یہ 3 غذائیں اتنی بھی مضر نہیں
تمام ہی قدرتی غذائیں صحت بخش ہوتی ہیں اگر ان کا استعمال اعتدال میں کیا جائے، ٹورنٹو سے تعلق رکھنے والی رجسٹرڈ ڈائٹیشن ایبی شارپ کا کہنا ہے کہ تین غذائیں جیسے آلو، انڈے کی زردی اور چکنائی والی ڈیری مصنوعات جنہیں صحت کے لیے مضر سمجھا جاتا ہے تاہم ان میں کئی صحت بخش اجزاء موجود ہوتے ہیں جن سے فائدہ اٹھانا ضروری ہے۔
آلو
آلو دنیا میں سب سے زیادہ کھائی جانے والی سبزی ہے، تاہم آلو کو اکثر زیادہ کاربوہائیڈریٹ کی وجہ سے غیر صحت بخش سمجھا جاتا ہے، اور جب اس سے چپس تیار کیے جاتے ہیں جن پر نمک یا مکھن کا استعمال کیا جاتا ہے تو یہ واقعی صحت کے لیے نقصان دہ ثابت ہوتے ہیں۔
اس ضمن میں شارپ کا کہنا ہے کہ آلو وزن نہیں بڑھاتے بلکہ پوٹاشیم، وٹامن سی اور وٹامن بی 6 کے حصول کا بہترین ذریعہ ہے۔
آلو میں کسی قسم کی کوئی چکنائی یا کولیسٹرول نہیں ہوتا، لیکن ان میں ریزسٹنٹ اسٹارچ بھی ہوتا ہے، جو مشکل سے ہضم ہوتاہے، اس کے باوجود آلو بلڈ شوگر کو کنٹرول کرنے، موٹاپے، آنتوں کے کینسر اور ذیابیطس سے بچاؤ میں مدد دے سکتا ہے۔
تحقیق کے مطابق آلو ان غذاؤں میں شامل ہے جو آپ کو دیر تک سیر رکھتا ہے، خاص طور پر اُبلے ہوئے آلو۔ امریکن ہارٹ ایسوسی ایشن آلو کو بیک یا ابال کر کھانے کی تجویز دیتی ہے۔
انڈے کی زردی
شارپ کا کہنا ہے کہ ڈائٹ کلچر میں انڈے کی زردی کو چکنائی اور کولیسٹرول سے بنی ایک انتہائی مضر صحت غذا بنا کر پیش کیا گیا ہے۔ تاہم اب سب ہی یہ بات جانتے ہیں کہ خوراک میں موجود کولیسٹرول خون میں کولیسٹرول کو زیادہ متاثر نہیں کرتا۔
انڈے کی زردی وٹامن ڈی اور کولین جیسے اہم غذائی اجزاء فراہم کرتی ہے جو دماغ اور اعصابی نظام کے لیے ضروری ہوتے ہیں۔
مکمل چکنائی والی ڈیری
شارپ نے مکمل چکنائی والی ڈیری مصنوعات، جیسے دہی کو صحت بخش قرار دیتے ہوئے کہا کہ دہی انسولین حساسیت کو بہتر بنانے اور جسمانی چربی کو کم کرنے میں مدد کر سکتا ہے۔
تحقیق سے ثابت ہوا ہے کہ مکمل چکنائی والی ڈیری مصنوعات کا دل کی بیماریوں سے کوئی تعلق نہیں، بلکہ یہ موٹاپے اور وزن بڑھنے کے خطرے کو کم کر سکتی ہے۔ شارپ کا کہنا ہے کہ اب آپ کو اپنی پرانی عادتوں کو ترک کر کے ان غذاؤں کو اپنی خوراک میں ضرور شامل کرنا چاہیے۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News

