روزمرہ استعمال ہونے والے یہ عام مشروبات، فالج کا خطرہ بڑھا سکتے ہیں

روزمرہ استعمال ہونے والے یہ عام مشروبات، فالج کا خطرہ بڑھا سکتے ہیں
روزمرہ زندگی میں پانی کے علاوہ کتنے ہی مشروبات ایسے ہیں جنہیں آپ شوق سے بنا کسی خوف کے استعمال کرتے ہیں تاہم یہ فالج سمیت کئی دائمی امراض کا سبب بن سکتے ہیں۔
ماہرین صحت کے مطابق اگر آپ فالج سے بچنا چاہتے ہیں تو پانی پیجیے، نہ کہ فزی ڈرنکس یہاں تک کہ فروٹ جوس سے بھی گریز کریں۔
ایک عالمی جائزے کے نتائج نے ایسے تمام افراد کے لیے جو دن بھر میں چار یا اس سے زیادہ کپ کافی پیتے ہیں خطرے کی گھنٹی بجا دی ہے۔
حال ہی میں عالمی سطح پر ایک انٹر اسٹروک نامی مطالعہ کیا گیا، جس میں 27 ممالک کے تقریباً 27,000 افراد شامل تھے، ان میں سے 13,000 سے زائد افراد نے پہلی بار فالج کا سامنا کیا۔
اس نئی تحقیق میں کاربونیٹیڈ مشروبات، جن میں چینی یا مصنوعی مٹھاس شامل ہوتی ہے کو 22 فیصد زیادہ فالج کے خطرے سے منسلک کیا گیا ہے۔ مزید یہ کہ، ایسے تمام افراد جو روزانہ دو یا اس سے زیادہ مشروبات پیتے ہیں، ان میں بھی خطرہ زیادہ نوٹ کیا گیا۔
محققین نے نوٹ کیا کہ بہت سے فروٹ جوسز کنسنٹریٹ سے تیار ہوتے ہیں اور ان میں حفاظتی اجزاء اور اضافی چینی ہوتی ہیں، جو فالج کے خطرے کو بڑھا سکتی ہیں۔ تاہم تازہ پھلوں سے نکالا گیا جوس زیادہ فائدہ مند ثابت ہوتا ہے۔
اس سال کے شروع میں انٹر اسٹروک نے کافی اور چائے کے استعمال پر بھی تحقیق کے نتائج جاری کیے تھے، جس کے مطابق کافی کی تھوڑی سی مقدار صحت کے لیے مفید ہے تاہم کافی کے چوتھے کپ کے بعد فالج کا خطرہ 37 فیصد بڑھ جاتا ہے۔ اس کے برعکس چائے پینے والوں کے لیے نتائج قدرے بہتر تھے۔
تحقیق کے مطابق روزانہ تین سے چار کپ بنا دودھ کے کالی چائے پینے سے فالج کا خطرہ 29 فیصد کم ہوجاتا ہے، جبکہ اتنی ہی مقدار میں سبز چائے پینے سے بھی فالج کا خطرہ 27 فیصد کم ہوجاتا ہے۔
تحقیق سے معلوم ہوا کہ دودھ چائے میں موجود اینٹی آکسیڈنٹس کے مفید اثرات کو کم کرسکتا ہے، جبکہ روزانہ سات یا اس سے زیادہ گلاس پانی پینے سے خون کے لوتھڑے کی وجہ سے ہونے والے فالج کے امکانات کم ہو جاتے ہیں۔
اینڈریو سمتھ، جو کہ یونیورسٹی آف گالوی، آئرلینڈ میں کلینیکل ایپیڈیمیولوجی کے پروفیسر ہیں کا کہنا ہے کہ اگرچہ بلند فشار خون فالج کا سب سے بنیادی خطرہ ہے، لیکن خوراک اور جسمانی سرگرمیوں میں صحت مند انتخاب کرنے سے فالج کے خطرے کو کم کیا جاسکتا ہے، وہ ہمیشہ لوگوں کو مشورہ دیتے ہیں کہ وہ فزی اور فروٹ ڈرنکس کی مقدار کو کم کریں یا ان سے پرہیز کریں، اور اس کے بجائے پانی پینے پر غور کریں۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News

