میرے نزدیک کام نہ کرنے والوں کی کوئی جگہ نہیں، وزیرخارجہ

وزیرخارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ میرے نزدیک کام نہ کرنے والوں کی کوئی جگہ نہیں، ہمیں اپنے طور طریقوں کو جدید تقاضوں کے مطابق ڈھالنا ہو گا۔
تفصیلات کے مطابق وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے وزارت خارجہ کے افسران سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میری ٹیم بہت اچھی ہے اور انتہائی پر امید ہوں، پر امید ہوں کہ یہ ٹیم پاکستان کی تعمیر و ترقی میں کردار ادا کرے گی۔
وزیرخارجہ کا کہنا تھا کہ معاشی خود انحصاری کے لیے اکنامک ڈپلومیسی کو بروئے کار لانا ہوگا، جدید دور کے تقاضے بدل چکے ہیں سوشل میڈیا متحرک ہے۔
وزیر خارجہ نے کہا کہ ہمیں آج خارجہ محاذ بہت سے چیلنجز کا سامنا ہے ہمیں ان چیلنجز کا مقابلہ کرنے کیلئے بھر پور انداز میں تیاری کرنا ہو گی، مجھے علم ہے کہ وزارت خارجہ کے افسران جانفشانی سے کام کرتے ہیں یہ وہ وزارت ہے جہاں ہفتہ وار چھٹیوں کا کوئی رواج نہیں۔
شاہ محمود قریشی نے یہ بھی کہا کہ میرے نزدیک گریڈ کی نہیں کارکردگی کی اہمیت ہے اور میں ہمیشہ کارکردگی کو اہمیت دیتا ہوں۔
شاہ محمود قریشی نے اپنے خطاب میں کہا کہ وزارت خارجہ کے افسران بطور اسٹنٹ ڈائریکٹر آتے ہیں اور یہیں سے بطور سیکرٹری ریٹائر ہوتے ہیں یہی اس سروس کی خوبصورتی ہے۔فارن آفس کو جدید تقاضوں کے مطابق ڈھالنے اور ان کی کارکردگی کو مزید فعال اور نتیجہ خیز بنانے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائیں گے۔
شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ میں نادرا سے ایک خصوصی ایپلیکیشن بنوا رہا ہوں جس کے ذریعے وزارت خارجہ کے تمام افسران میرے ساتھ منسلک ہو جائیں گے اور میری توقع ہو گی کہ افسران رینک اور گریڈ سے بالاتر ہو کر مجھے تجاویز دیں کہ کیسے ہم اس سروس کو مزید نتیجہ خیز بنا سکتے ہیں۔
شاہ محمود قریشی کا یہ بھی کہنا تھا کہ مسئلہ کشمیر کو بھی عالمی سطح پر اجاگر کرنے کے لیے وزارت خارجہ نے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا جس پر میں آپ سب کو مبارکباد پیش کرتا ہوں، کشمیر سیل کا قیام ہماری اہم ضرورت تھی آج اس کا چوتھا اجلاس وزارت خارجہ میں ہو گا۔
وزیرخارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کا مزید کہنا تھا کہ میں نے قونصلر سیکشن کا دورہ کیا اور مجھے خوشی ہوئی کہ وہاں موجود سب لوگوں نے ہمارے افسران کی تعریف کی، ہمارے وہ افسران جنہوں نے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے ان کی حوصلہ افزائی کریں گے۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News

