شاہ محمود قریشی سے پاکستان میں تعینات نئے ایرانی سفیر کی ملاقات

وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی سے پاکستان میں تعینات نئے ایرانی سفیر سید محمد علی حسینی نے وزیر خارجہ کے چیمبر، پارلیمنٹ ہاؤس میں ملاقات کی ہے ۔
وزیر خارجہ کے چیمبر، پارلیمنٹ ہاؤس میں ہونے والی اس ملاقات میں ایران امریکا کشیدگی اور خطے میں امن و امان کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے بطور سفیر تعیناتی پر سید محمد علی حسینی کو مبارک باد دی۔
اس موقع پر شاہ محمود قریشی نے کہاکہ پاکستان اور ایران کے درمیان دیرینہ تاریخی، مذہبی و کثیرالجہتی برادرانہ تعلقات ہیں، انہوں نے مزید کہاکہ توقع ہے آپ جیسے منجھے ہوئے سفارت کار کی تعیناتی سے دو طرفہ تعلقات مزید مستحکم ہوں گے۔
وزیر خارجہ نے یہ بھی کہا کہ خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کسی کے مفاد میں نہیں، پاکستان خطے میں کشیدگی کم کروانے کیلئے اپنا مثبت کردار ادا کرنے کیلئے پر عزم ہے۔
ایران امریکہ کشیدگی، وزیرخارجہ کا عراقی ہم منصب کو ٹیلیفون
وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھاکہ خطے کےمختلف وزرائے خارجہ سے رابطے میں ہوں، وزیر اعظم کی خصوصی ہدایت پر جلد ایران سمیت اہم بیرونی دوروں پر روانہ ہورہا ہوں۔
شاہ محمود قریشی سے ملاقات میں ایرانی سفیر نے تعلقات کو مزید وسعت دینے کے لیے بہترین کاوشیں بروئے کار لانے کی یقین دہانی بھی کروائی۔
خیال رہے کہ 3 جنوری 2020 کو ایران کے اہم ترین کمانڈر میجر جنرل قاسم سلیمانی کی گاڑی کو عراق کے دارالحکومت بغداد کے ائیرپورٹ کے قریب امریکی صدر کے حکم پر نشانہ بنایا گیا اور ان کی گاڑی پر ڈرون کے ذریعے راکٹ فائر کیے گئے جس میں قاسم سلیمانی جاں بحق ہوگئے۔
ایران نے جنرل قاسم سلیمانی کے قتل کا بدلہ لینے کا اعلان کرتے ہوئے تاریخی شہر قم کی جمکران مسجد میں انتقام کی علامت والا سرخ پرچم بھی لہرا دیا تھا۔
جنرل سلیمانی کے قتل پر ایران نے امریکا پر جوابی وار کر دیا، ایران نے عراق میں دو امریکی فوجی اڈوں پر راکٹوں سے حملہ کر کے امریکی فوج کا بھاری جانی و مالی نقصان ہونے کا دعویٰ کیا ہے۔
تاہم امریکی صدر نے سماجی رابطے کی ویب سائیٹ ٹوئیٹر پر جاری بیان میں ’سب اچھا ہے‘ کا دعویٰ کرتے ہوئے کہا کہ وہ جلد ہی اس پر اپنا بیان جری کریں گے۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News