زینب الرٹ بل کی متفقہ منظوری ایک روشن قانون سازی ہے، فردوس عاشق اعوان

معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ قومی اسمبلی سے زینب الرٹ بل کی متفقہ منظوری ایک روشن اور تاریخی قانون سازی ہے۔
تفصیلات کے مطابق سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے اپنے پیغام میں کہا کہ قصور کی زینب کی دوسری برسی پر قومی اسمبلی سے زینب الرٹ بل منظور ہوا، زینب الرٹ بل کی متفقہ منظوری تاریخی قانون سازی ہے ۔
معاون خصوصی برائے اطلاعات نے کہا کہ 2020 کے آغاز پر اسمبلی سے یہ اہم قانون سازی عوامی جذبات اور امنگوں کی حقیقی آیئنہ دارہے۔
اپنے بیان میں فردوس عاشق اعوان نے یہ بھی کہا کہ پھول جیسے بچے پاکستان کا مستقبل ہیں اور اس قانون کے تحت زینب الرٹ رسپانس اور ریکوری ایجنسی کا قیام ممکن ہو سکے گا۔
معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے مزید کہا کہ گھناؤنے ظلم سے بچانا اورمعاشرتی تحفظ دینا عمران خان کا ویژن اور حکومت کا عزم ہے اور عوامی مسائل سے وابستہ یہ قانون ہمارے بچوں کو محفوظ بنانے کیلئے اہم سنگِ میل ثابت ہو گا۔
قصور کی زینب کی برسی، زینب الرٹ بل منظور
یاد رہے کہ آج قصور کی زینب کی دوسری برسی کے موقع پر قومی اسمبلی میں وفاقی وزیر انسانی حقوق شیریں مزاری کی جانب سے پیش کیا گیا ’زینب الرٹ بل ‘ متفقہ طور پر منظور کر لیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق وفاقی وزیر انسانی حقوق ڈاکٹر شیریں مزاری نے بچوں کے خلاف جرائم کے سدباب کے لیے زینب الرٹ جوابی ردعمل اور بازیابی ایکٹ 2019 بل پیش کیا جسے قومی اسمبلی میں شق وار طور پر منظور کیا گیا۔
بل کے مطابق بچوں سے متعلق جرائم کا فیصلہ تین ماہ کے اندر کرنا ہوگا، بچوں کے خلاف جرائم پر کم سے کم دس سال اور زیادہ سے زیادہ چودہ سال قید کی سزا دی جاسکے گی اور دس لاکھ روپے جرمانہ بھی ہوگا۔
زینب الرٹ کی شق کے مطا بق گمشدہ بچوں سے متعلق ڈیٹا بیس تیار کیا جائے گا، 1099ہیلپ لائن قائم کی جائے گی جس پر بچے کی گمشدگی، اغواء اور زیاد تی کی اطلاع فوری طور پر ٹی وی چینلز، سوشل میڈیا، ہوائی و ریلوے اڈوں، مواصلاتی کمپنیوں کے ذریعے دی جائے گی۔
واضح رہے کہ قومی اسمبلی میں شیریں مزاری کی جانب سے پیش کیے جانے والے زینب الرٹ کی منظوری کے لیے اسپیکرقومی اسمبلی اسد قیصر نے ایوان میں ووٹنگ کرائی تھی۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News