ایران امریکہ کشیدگی، وزیرخارجہ کا عراقی ہم منصب کو ٹیلیفون

وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کا عراقی ہم منصب محمد علی الحکیم سے ٹیلیفونک رابطہ ہوا ،جس میں ایران امریکہ کشیدگی سمیت خطے میں امن و امان کی صورتحال پر تبادلہ ء خیال کیا گیا ۔
اس موقع پر دونوں وزرائے خارجہ کا خطے میں پائ جانے والی کشیدگی میں کمی لانے کیلئے مشاورتی سلسلے کو جاری رکھنے اور قیام امن کیلئے مشترکہ کاوشیں بروئے کار لانے پر اتفاق ہوا جبکہ عراقی وزیر خارجہ نے خطے میں کشیدگی کے خاتمے آور قیام امن کیلئے کی جانے والی پاکستان کی کاوشوں کو سراہا۔
عراقی ہم منصب سے ٹیلیفونک رابطے میں شاہ محمود قریشی نے کہا کہ خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی، پر گہری تشویش ہے جبکہ یہ خطہ کسی نئی محاذ آرائی کا متحمل نہیں ہو سکتا اس لئے بات چیت کا ماحول پیدا کرنے کیلئے ،کشیدگی میں کمی لانا ہو گی۔
وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے واضح کیا کہ فریقین کو ملکی خود مختاری اور سالمیت کے تحفظ کو ملحوظِ خاطر رکھنا چاہیے۔
شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان نے واضح طور پر کہا ہے کہ فریقین کو معاملات ،اقوام متحدہ سیکورٹی کونسل اور بین الاقوامی قوانین کی روشنی میں افہام و تفہیم سے حل کرنے کی ضرورت ہے۔
وزیرخارجہ کا روسی ہم منصب سے ٹیلی فونک رابطہ
وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے اپنے عراقی ہم منصب کو مطلع کیا کہ وہ ترکی، ایران،متحدہ عرب امارات، سعودی عرب،قطر اور روس کے وزراء خارجہ کے ساتھ اس صورتحال پر تبادلہ ء خیال کر چکے ہیں اور جلد وزیر اعظم عمران خان کی ہدایت پر ایران سمیت اہم بیرونی دوروں پر روانہ ہو رہے ہیں۔
واضح رہے کہ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا اس سے قبل بھی روسی ہم منصب سرگئی لاوروف سے ٹیلیفونک رابطہ ہوا تھا ،اس دوران مشرق وسطی میں پائی جانے والی کشیدگی اور خطے میں امن و امان کی مجموعی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا تھا ۔
اس موقع پر دونوں وزرائے خارجہ نے اتفاق کیا تھا کہ اس کشیدہ صورتحال کو قابو میں لانے کیلئے ، فریقین کو تحمل کا مظاہرہ کرنا ہو گا جبکہ خطے میں قیام امن کیلئے مشترکہ کاوشیں بروئے کار لانے پر اتفاق کیا ۔
روسی ہم منصب سے ٹیلیفونک گفتگو کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی نے کہا تھا کہ مشرق وسطی میں پائی جانے والی کشیدگی میں اضافہ،خطے کے امن و استحکام کے لیے خطرے کا باعث بن سکتا ہے، کشیدہ صورت حال کو قابو میں لانے کے لیے امریکا ایران کو تحمل کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News