سیز فائر کی خلاف ورزی پر بھارتی سفارتکاردفتر خارجہ طلب، شدید احتجاج

لائن آف کنٹرول (ایل او سی )پر بھارتی فورسز کی جانب سے سیز فائر معاہدے کی خلاف ورزی پر سینئر بھارتی سفارتی اہلکار کو دفتر خارجہ طلب کرکے شدید احتجاج ریکارڈ کروا دیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق ایل او سی پر سیز فائر معاہدے کی خلاف ورزیوں کے بڑھتے واقعات پر پاکستان میں بھارتی ہائی کمیشن کے سینئر سفارتکار کو دفتر خارجہ طلب کرکےشدید احتجاج ریکارڈ کرایا گیا۔
ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ بھارتی فورسز ایل او سی پر مسلسل معصوم شہریوں کو نشانہ بنا رہی ہیں ۔بھارت کی اشتعال انگیزی خطے میں امن و سلامتی کے لیے خطرہ ہے،بھارت ایسی حرکتوں سے مقبوضہ کشمیر سے دنیا کی توجہ نہیں ہٹا سکتا۔
ترجمان دفتر خارجہ کا مزید کہنا تھا کہ بھارت اقوام متحدہ کی سیکیورٹی کونسل کی قراردادوں پر عمل درآمد یقینی بنائے۔
دفتر خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ شہری آباد کو نشانہ بنانا 2003 کے سیز فائر معاہدے کی خلاف ورزی ہے جبکہ نہتے شہریوں کو بے گناہ نشانہ بنانا بین الاقوامی قوانین کے بھی منافی ہے ۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق بھارت سےمطالبہ کیا گیا کہ وہ اقوام متحدہ کے مبصر گروپ کو ایل او سی کے معائنے کی اجازت دے ۔
واضح رہے کہ گذشتہ روز ایل او سی کے نیزہ پیر اور رکھ چکری سیکٹرز پر بھارتی فورسز کی جانب سے سیز فائر معاہدے کی خلاف ورزی گئی تھی ۔
ایل او سی پر بھارتی فوج کی بلااشتعال فائرنگ سے عابدہ نامی 13 سالہ بچی شدید زخمی ہو گئی تھی جو اسپتال میں زیر علاج ہے۔
بھارتی فوج کی جانب سے ایل او سی پر اشتعال انگیزیاں بڑھتی جارہی ہیں۔
اس سے قبل یکم فروری کو بھی بھارتی فورسز نے لائن آف کنٹرول پر سیز فائر کی خلاف ورزی کرتے ہوئے ستوال سیکٹر پر فائرنگ کی تھی جس سے ایک شہری شدید زخمی ہوگیا تھا۔
گذشتہ سال 26 دسمبر کو لائن آف کنٹرول پر بھارتی اشتعال انگیزی کے سبب پاک فوج کے 2 جوان شہید ہوگئے تھے جبکہ جوابی کارروائی میں 3 بھارتی فوجی بھی مارے گئےتھے۔
خیال رہے کہ مقبوضہ کشمیر میں جاری بھارتی جارحیت سے توجہ ہٹھانے کے لیے بھی بھارتی فوج ایل او سی پر بلااشتعال فائرنگ کرتی ہے ۔
بھارت کی جانب سے گذشتہ برس پانچ اگست کو اس کے زیرِ انتظام کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کر دی گئی تھی اور وہاں کرفیو نافذ کردیا گیا تھا جو 6 ماہ سے زائد گزر جانے کے باوجود بدستور قائم ہے۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News

