کورونا وائرس پر سارک سربراہ ویڈیو کانفرنس

جنوبی ایشیائی علاقائی تعاون تنظیم (سارک) کے رکن ممالک کے سربراہان مملکت کی کورونا وائرس سے متعلق ویڈیو کانفرنس ہوئی جس میں علاقائی صورتحال پر غور کیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق بھارت نے پاکستان سے کورونا وائرس سے متعلق سارک کانفرنس میں شرکت کی درخواست کی تھی جس پر پاکستان نے وزیر مملکت کی سطح پر شرکت کی رضامندی ظاہر کی اور پاکستان کی جانب سے ڈاکٹر ظفر مرزا کانفرنس میں شریک ہوئے۔
اس موقع پر وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا نے کانفرنس سے خطاب میں رکن ممالک کو پاکستان کے اٹھائے اقدامات سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ عالمی ادارہ صحت کی مدد سے اقدامات کیے جا رہے ہیں ۔
ڈاکٹر ظفر مرزا نے کہا کہ فلائٹس کی ریگولیشن، قرنطینہ، آئسولیشن سہولتیں فراہم کر رہا ہے اورپاکستان کیسز کو کم ترین رکھنے کے لیے ہرممکن کوشش کر رہا ہے جبکہ عالمی دارہ صحت نے پاکستان کے اقدامات کو سراہاہے۔
ڈاکٹر ظفر مرزا نے یہ بھی کہا کہ سارک سیکرٹریٹ کے ذریعے ڈیٹا تبادلےکے لیے ہیلتھ انفارمیشن کا ورکنگ گروپ بنایا جائے اور سیکرٹریٹ کو ڈیٹا تبادلے کا مینڈیٹ دیا جائے۔
پاکستان کرونا وائرس کا شکار ، مریضوں کی تعداد 52 ہوگئی
کانفرنس میں ڈاکٹر ظفر مرزا نے تجویز دی کہ خطےمیں عالمی ادارہ صحت کے طریقہ کار پر عمل کیا جائے تاکہ بیماری پھیل نہ سکے جبکہ کورونا وائرس کی روک تھام کے لیے چین کے تجربے سےرہنمائی لی جائے اور مناسب وقت پر سارک کے وزرائے صحت کا اجلاس بلایا جائے۔
ڈاکٹر ظفر مرزا نے نفرنس سے خطاب میں مقبوضہ کشمیر میں سامنے آنے والے کیسز پر بھی بات کرتے ہوئے کہا کہ مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام کو بلاتعطل طبی سہولیات فراہم کی جائیں، کورونا وائرس کی روک تھام کے لیے اطلاعات کی ترسیل ناگزیر ہے۔
وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا نے مطالبہ کیا کہ بھارت، مقبوضہ جموں و کشمیر میں مواصلاتی لاک ڈاؤن ختم کرے اور اطلاعات کی ترسیل پر پابندیاں اٹھائے۔
اجلاس میں وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا نے پاکستان کی نمائندگی کی جبکہ بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی، افغان صدر اشرف غنی، مالدیب کے صدر ابراہیم محمد صالح، بنگلادیش کی وزیراعظم شیخ حسینہ واجد، نیپال کے وزیراعظم کے پی شرما، سری لنکا کے صدر راجے پاکسا ، بھوٹان کے وزیراعظم لوٹے شیرنگ نے بھی شرکت کی۔
خیال رہے کہ بھارت میں کورونا وائرس کے108 کیسز سامنے آئے ہیں جبکہ پاکستان میں اب تک کورونا وائرس کے 53 کیسز کی تصدیق ہوئی ہے، علاوہ ازیں سری لنکا میں 18، افغانستان میں 16، مالدیپ میں 13، بنگلادیش میں 5، نیپال اور بھوٹان میں ایک ایک کیس سامنے آیا ہے۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News

