سارے کام حکومت نے نہیں کرنے، کچھ کام علماء کے کرنے کے ہیں، نور الحق قادری

وفاقی وزیر مذہبی امور پیر نور الحق قادری نے کہا ہے کہ سارے کام حکومت نے نہیں کرنے، کچھ کام مساجد کی کمیٹیاں اور علماء کے کرنے کے ہیں۔
وفاقی وزیر مذہبی امور پیر نور الحق قادری نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کورونا کی موجودہ صورت حال میں پوری دنیا اس وباء کا شکار ہےجبکہ پورے ملک میں جزوی لاک ڈاؤن ہوا ہے، کہیں بھی سختی نہیں ہوئی لیکن افسوس اس پر یہودی لابی اور ایجنڈے کے طعنے مارے گئے۔
وفاقی وزیر مذہبی امور پیر نے کہا کہ حکومت کی جانب سے جو اقدامات اٹھائے گئے اس کی بنیادی وجہ عوام کی صحت و سلامتی پیش نظر تھی، اگر موجودہ صورت حال میں کورونا مریضوں کی تعداد بڑھ گئی تو پھر قابو کرنا مشکل ہوجائیگا۔
نور الحق قادری نے یہ بھی کہا کہ علماء کے ساتھ کل کی ملاقات انتہائی اہم ہوگی، امید ہے اتفاق رائے قائم کرلیں گے جبکہ جید علماء سے ٹیلیفونک رابطے ہوئے ہیں، علما بھی اپنا موقف پیش کریں گے۔
انھوں نے کہا کہ ایوان صدر کے بعد وزیراعظم ہاؤس میں بھی ایک ملاقات ہوگی جس میں وزیراعظم خود علماء سے کچھ امور پر گفتگو کرینگےجبکہ یکسر علماء کے موقف کو نظر انداز نہیں کرینگے البتہ ان کے سامنے حالیہ صورتحال ضرور رکھیں گے۔
مساجد کو بند نہیں ہونے دیں گے، وزیر مذہبی امور نورالحق قادری
نور الحق قادری کا کہنا تھا کل تک بے بنیاد پراپیگنڈا کے ذریعے تبلیغی جماعت اور زائرین کو ٹارگٹ کیا گیا، علماء سنجیدگی کا مظاہرہ کریں ایسا نہ ہو پھر مریضوں تعداد بڑھے تو مذہبی طبقے کو ٹارگٹ کیا جائے، بعض افراد کو تو مساجد کے کھلا رہنے سے ویسے ہی مسائل ہیں۔
ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ فطرت کی ستم ظریفی ہے کہ کورونا کے ساتھ ساتھ رمضان المبارک بھی آگیا اور مشکلات بڑھ گئیں، جب جنوبی کوریا میں انتخابات ہوسکتے ہیں، تو رمضان میں یہاں رمضان عبادات، یوم علی، شبینہ محافل سمیت دیگر کا انعقاد منظم طریقے سے ہوسکتا ہے۔
وفاقی وزیر مذہبی امور پیر نور الحق قادری کا مزید کہنا تھا کہ علماء کی مجبوریوں کو بھی سمجھتے ہیں، امید ہے کل کے اجلاس میں اتفاق رائے پیدا کرلیں گے اور درمیانی راہ نکال کر رمضان المبارک کے تمام پروگرامز کا انعقاد یقینی بنالیں گے۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News

