ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل اسٹاف کا کورونا سے متاثر ہونے کا سلسلہ جاری

کراچی میں ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل اسٹاف کا کورونا سے متاثر ہونے کا سلسلہ جاری ہے جس کی زد میں عباسی شہید اسپتال کے بعد سول اسپتال میں کینسر وارڈ کا انچارج کورونا وائرس کا شکار ہوگیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق کراچی میں ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل محفوظ نہیں ہیں،سول اسپتال میں کینسر وارڈ کا انچارج کورونا وائرس کے انکشاف کے بعد کینسر کی بیماری کے ماہر ڈاکٹر کو انتظامیہ نے14 روز تک گھر پر رہنے کی ہدایت کردی ہے۔
انتظامیہ نے ڈاکٹر کے ساتھ کام کرنے والی دیگر نرسز اور اسٹاف کے بھی ٹیسٹ کرانے کا فیصلہ کیا ہے ۔
دوسری جانب سندھ گورنمنٹ چلڈرن اسپتال میں ایک اور ملازم کرونا کا شکار ہوگیا ہے۔
ملک بھر میں ہلاکتوں کی تعداد 301 تک جاپہنچی
اسپتال انتظامیہ کے مطابق اسپتال کے آپریشن تھیٹر میں کام کرنے والا اسٹاف کورونا کا شکار ہوا ہے جس کے بعد اسپتال انتظامیہ نے آپریشن تھیٹر بند کرکے شعبہ کو سیل کردیا ہے۔
یاد رہے کہ اس سے قبل پی آئی سی یو کے اسٹاف میں کرونا کی تصدیق ہوئی تھی جس کے بعد اسپتال کے پی آئی سی یو کے ساتھ اب آپریشن تھیٹر بھی بند کردیا ہے۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز عباسی شہید اسپتال کی ایمرجنسی میں کام کرنے والا سی ایم او کورونا وائرس کا کا شکارہوگیا، جس کے بعد انتظامیہ نے حفاظتی اقدامات کے پیش نظرعباسی شہید اسپتال کی ایمرجنسی کو مکمل طور پر بند کردیا۔
ڈسٹرکٹ سینٹرل کے سب سے بڑے عباسی شہید اسپتال کی ایمرجنسی بند ہونے سے مریض پریشان ہوگئے جبکہ ایمرجنسی میں کام کرنے والے ڈاکٹر، نرسز اور پیرامیڈیکل اسٹاف بھی خوفزدہ ہوگئے۔
کے ایم سی کے محکمہ صحت کی سربراہ ڈاکٹر سلمیٰ کوثر کا کہنا ہے کہ ایمرجنسی وارڈ میں تعینات تمام عملے کو قرنطینہ کی ہدایات دی گئی ہیں، ادہراسپتال کی انتظامیہ نے ایمرجنسی میں کام کرنے والے تمام عملے کےکورونا کے ٹیسٹ کرانے کی ہدایت کردی تھی۔
ملک بھر میں کورونا وائرس میں مبتلا مریضوں کی تعداد میں روزبا روز اضافہ ہورہا ہے جبکہ اسی طرح اموات کی شرح میں بھی اسی نوعیت سے اضافہ ہورہا ہے اور اب تک 301 اموات واقع ہوچکی ہیں۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News