بارش کے رکتے ہی نکاسی کا بندوبست کیا جائے، وزیراعلیٰ سندھ

وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ بارش کے رکتے ہی نکاسی کا بندوبست کیا جائے۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے تیز اور طوفانی بارش کے حوالے سے سندھ کے تمام بلدیاتی اداروں کو ضروری حفاظتی اقدامات کے لیے ہدایات جاری کی ہیں۔
ایک بیان میں وزیراعلیٰ سندھ نے ضلعی انتظامیہ کو کچے مکانوں میں رہنے والوں کا خیال رکھنے کی ہدایت کی۔
سید مراد علی شاہ نے یہ بھی کہا کہ کسی ناخوشگوار واقعہ کی صورت میں ضلع انتظامیہ اور پولیس عوام کی مدد کریں، بارشوں کے باعث دریاؤں میں تغیانی ہوتی ہے عوام کو سمندر میں نہانے نہ دیا جائے۔
وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے مزید کہا کہ سڑکوں پر ٹریفک کی روانی اور متبادل راستوں کے حوالے سے ٹریفک پولیس مسافروں کی رہنمائی کریں۔
شہر میں طوفانی بارش، مختلف علاقوں میں شدید ٹریفک جام
یاد رہے کراچی کے مختلف علاقوں میں تیز بارش نے نکاسی آب کا نظام درہم برہم کردیا جس سےسڑکیں تالاب کا منظر پیش کررہی ہیں۔
کراچی کے علاقے دو تلوار، تین تلوار، بہادر آباد، شاہراہ فیصل ، جامع کلاتھ مارکیٹ، اسٹار گیٹ، شاہین کمپلیکس، ریجنٹ پلازہ سمیت مختلف علاقوں میں شدید ٹریفک جام ہے۔
نرسری، محمود آباد، کلب روڈ ،حسن اسکوائر،گرومندر،لیاقت آباد میں بھی پانی جمع ہونے سے کئی موٹر سائیکلیں اور گاڑیاں بند ہونے کے سبب ٹریفک جام ہو گیا ہے۔
اس کے علاوہ لائنز ایریا، نیپا چورنگی، پی آئی ڈی سی، کورنگی روڈ ، قیوم آباد، کازوے پر بھی شدید ٹریفک جام ہے۔
دوسری جانب بارش شروع ہوتے ہی اختر کالونی، محمود آباد ، منظور کالونی، کورنگی ، ڈیفنس، صدر، لائنز ایریا ، بزرٹا لائن ،کشمیر کالونی، اورنگی ،گڈاپ ، کاٹھور ، بلدیہ اور لیاری سمیت شہر قائد کے مختلف علاقوں میں بجلی غائب ہوگئی تھی۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News