کورونا کیسز میں تشویشناک اضافہ، کراچی میں اسمارٹ لاک ڈاؤن لگانے کا فیصلہ

شہر قائد میں کوروناکیسز میں تشویشناک اضافے کے باعث اسمارٹ لاک ڈاؤن لگانے کا فیصلہ کرلیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق کوروناکیسز میں تشویشناک اضافے کے باعث شہر میں مائکرو اسمارٹ لاک ڈاون لگانے کا فیصلہ کرلیا گیا ہے۔
ڈپٹی کمشنر ویسٹ نے اسمارٹ لاک ڈاؤن کانوٹیفکیشن جاری کردیا ہے، لاک ڈاؤن کا نفاذ آج رات 12 بجے سے 15 اکتوبر کی شام 7 بجے تک رہے گا۔
نوٹیفکیشن کے مطابق ضلع غربی میں ایک ہی یوسی سے 22 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق کے بعد منگھوپیر یوسی 8 اور گڈاپ میں مائکرو اسمارٹ لاک ڈاون لگانے کا فیصلہ کیا گیا۔
منگھو پیر یوسی 8 میں سمامہ ولاز اور صائمہ سٹی سے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔ منگھو پیر یوسی 8 میں غیر متعلقہ افراد کا داخلہ ممنوع قرار دے دیا گیا ہے۔ علاقے میں داخلے اور باہر آتے ہوئے ماسک لازمی پہنا جائے۔
نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ علاقے میں تمام کاروباری سرگرمیاں معطل رہیں گی صرف راشن کی دکان اور میڈیکل اسٹور کھولنے کی اجازت ہوگی۔
اسمارٹ لاک ڈاؤن والے علاقے میں تمام ٹرانسپورٹ اور ڈبل سواری پر پابندی ہوگی۔ کسی بھی قسم کے عوامی اجتماع پر بھی پابندی ہوگی۔
نوٹیفکیشن میں مزید کہا گیا ہے کہ گھر سے صرف ایک شخص کو ضروری اشیاء خریدنے کے لیے باہر آنے کی اجازت ہوگی۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News

