این سی او سی اجلاس، یو اے ای سے آنے والے مسافروں کیلئے اہم فیصلہ

این سی او سی کا کہنا ہے کہ یو اے ای سے آنے والے مسافروں کو مخصوص لیبارٹریز کی کورونا منفی ٹیسٹ رپورٹ لازمی لانی ہوگی۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر اسد عمر کی زیر صدارت نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر(این سی او سی )کا اہم اجلاس ہوا۔
اجلاس میں معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان نے بذریعہ ویڈیو لنک شرکت کی۔اجلاس میں ایس او پیز پر عمل درآمد سمیت ویکسینیشن کے انتظامات کا جائزہ لیا گیا ۔
این سی او سی کی جانب سےملک بھر میں کورونا کی مجموعی صورتحال پر اطمینان کا اظہار کیا گیا تاہم سندھ کی صورتحال پر تشویش کا اظہار کیا گیا ۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ یو اے ای سے آنے والے مسافروں کو مخصوص لیبارٹریز کی کورونا منفی ٹیسٹ رپورٹ لازمی لانی ہوگی۔ خلاف ورزی کی صورت میں ائیر لائنز پر جرمانہ عائد کیا جائے گا۔
این سی او سی ترجمان کا کہنا ہے کہ فیصلہ مسافروں کی جانب سے جعلی کورونا ٹیسٹ رپورٹس جمع کروانے کے بعد کیا گیا ہے۔ مثبت کورونا رپورٹ کی صورت میں قرنطینہ کا مربوط نظام بھی بنایا گیا ہے۔
این سی او سی اجلاس میں آزاد کشمیر، گلگت بلتستان اور خیبر پختونخوا ریسٹورنٹس میں یکم جون سے 50 سال سے زائد عمر کے سیاحوں کا بغیر ویکسینیشن سرٹیفیکیٹ رہنا ممنوع قرار دے دیا گیا ہے۔
اس کے علاوہ یکم جولائی سے 30 سال سے زائد عمر کے سیاحوں کے لیے بھی ویکسینیشن سرٹیفیکیٹ لازمی قرار دے دیا گیا ہے۔
این سی او سی اجلاس میں تعلیمی سیکٹر میں تسلسل برقرار رکھنے کے لیے اساتذہ کی 10 جون تک ویکسینیشن لازمی قرار دی گئی۔اس ضمن میں 18 سال سے زائد عمر والے اساتذہ کو ملک بھر میں واک ان ویکسینیشن کی سہولت فراہم کر دی گئی ہے۔
اجلاس میں 10 ویں اور بارہویں جماعتوں کے لیے امتحانات بالترتیب 23 اور 29 جولائی سے شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا ۔ امتحانات کی تیاری کے لیے صوبوں کو 10ویں اور بارہویں کی کلاسز کا آغاز 31 مئی سے کرنے کی اجازت دے دی گئی۔
این سی او سی اجلاس میں 5فیصد سے کم شرح والے اضلاع میں پارکس، تفریحی مقامات اور سوئمنگ پول 30 مئی سے کھولنے کی اجازت بھی دے دی گئی۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News

