پاک امریکا وزرائے خارجہ رابطہ، افغان امن عمل میں مشترکہ کوششوں پر اتفاق

وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی اور امریکی وزیر خارجہ انتھونی بلکن کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ ہوا ہے۔
تفصیلات کے مطابق ٹیلیفونک گفتگو دو طرفہ تعلقات اور علاقائی صورتحال پر تبادلہ ء خیال کیا گیا ہے۔
ٹیلیفونک گفتگو میں شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ پاکستان، امریکہ کے ساتھ گہرے دو طرفہ اقتصادی تعاون، علاقائی روابط کے فروغ اور علاقائی امن کے حوالے سے دو طرفہ تعاون پر محیط، وسیع البنیاد اور طویل المدتی تعلقات کیلئے پر عزم ہے۔
وزیر اعظم عمران خان کے جیو اکنامک وژن کا حوالہ دیتے ہوئے وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان، امریکہ کے ساتھ دو طرفہ تجارت، سرمایہ کاری اور دو طرفہ اقتصادی تعاون کے فروغ کا خواہاں ہے۔
وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے علاقائی امن و استحکام کیلئے پاکستان اور امریکہ کے مابین مربوط اور اعلیٰ سطحی مذاکرات کی ضرورت پر زور دیا۔
شاہ محمود قریشی نے کہا کہ افغانستان میں قیام امن کے حوالے سے دونوں ممالک کے نکتہ ء نظر میں مماثلت خوش آئند ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان، افغانستان میں قیام امن کیلئے امریکہ کے ساتھ بااعتماد شراکت دار کے طور پر مخلصانہ کاوشیں جاری رکھنے کیلئے پر عزم ہے، ہمیں توقع ہے کہ افغانستان سے غیر ملکی افواج کے ذمہ دارانہ انخلاء سے افغان امن عمل کو پایہ تکمیل تک پہنچانے میں مدد ملے گی۔
شاہ محمود قریشی نے کہا کہ افغانستان میں دیرپا امن کا قیام افغان قیادت، علاقائی و عالمی متعلقین کی مشترکہ ذمہ داری ہے، تمام متعلقین پر یہ ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ افغان گروہوں پر جامع مذاکرات کے ذریعے، افغان مسئلے کے سیاسی حل کی ضرورت پر زور دیں۔
وزیر خارجہ نے کورونا وبا کے پھیلاؤ کو روکنے کیلئے امریکہ کی جانب سے فراہم کردہ معاونت پر، امریکی وزیر خارجہ کا شکریہ ادا کیا۔
ٹیلیفونک گفتگو میں دونوں وزرائے خارجہ نے افغان امن عمل میں بامقصد پیش رفت کے حصول کیلئے، دو طرفہ رابط اور تعاون بڑھانے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News