شہریوں کے لیے ایک انقلابی منصوبے کی بنیاد رکھ دی گئی ہے، امجد علی اعوان

سی ای او پنجاب پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ اتھارٹی امجد علی اعوان نے کہا ہے کہ شہریوں کے لیے ایک انقلابی منصوبے کی بنیاد رکھ دی گئی ہے۔
ایم ڈی واسا سید زاہد عزیز اور سی ای او پنجاب پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ اتھارٹی امجد علی اعوان نے مشترکہ پریس کانفرنس کی جس میں واسا لاہور کے سمارٹ میٹرنگ منصوبہ کی تنصیب اور منظوری کے حوالے سے پریس کو آگاہ کیا گیا۔
امجد علی اعوان کا اس موقعے پر کہنا تھا کہ پبلک پرائیویٹ پارٹرشپ کے تعاون سے پاکستان میں اپنی نوعیت کا پہلا منصوبہ لایا جا رہا ہے۔
سی ای او پنجاب پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ اتھارٹی نے کہا کہ موجودہ حالات میں پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے تحت منصوبوں کی تکمیل بہترین عمل ہے اور ہم پنجاب کے دوسرے شہروں میں بھی اس طرز کے منصوبے لائیں گے۔
سید زاہد عزیز کا پریس کانفرنس میں کہنا تھا کہ منصوبے کی منظوری پر لاہور کے شہریوں کو مبارکباد پیش کرتا ہوں اور میں حکومت پنجاب بالخصوص وزیراعلیٰ پنجاب کو منصوبے کی منظوری کا کریڈٹ دیتا ہوں کیونکہ منصوبے کے تخمینے سے 17 فیصد کم پر منصوبہ منظور کیا گیا۔
سید زاہد عزیز کا کہنا تھا کہ شہر میں 7 لاکھ 11 ہزار 2 سو 65 پانی کے میٹر لگائے جائیں گے جن میں 7 فیصد وہ صارفین ہیں جو کمرشل پانی استعمال کر رہے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ موجودہ حالات میں بیشتر صارف فکس بل وصول کر رہے ہیں۔
سید زاہد نے کہا کہ میٹروں کی تنصیب سے صارف کے اوسط بل میں نمایاں کمی ہو گی اور بجلی کے بلوں میں بھی نمایاں کمی واقع ہو گی۔ زیر زمین پانی کو بچانے میں بھی مدد ملے گی اور واٹر میٹرنگ سے پانی کی مقدار اور معیار میں بھی بہتری آئے گی۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان میں پہلی بار لوکل سطح پر واٹر میٹر کی فیکٹری لگائے جا رہی ہے جس سے ملک میں سرمایہ کاری بڑھے گی اور لوگوں کو روزگار ملے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ دس سال تک صارفین میٹروں کی ادائیگی آسان اقساط میں کریں گے، ریپئرنگ اور ٹوٹ پھوٹ کی ذمہ داری بھی کمپنی کی ہو گی۔
ایم ڈی واسا نے مزید کہا کہ منصوبے کے باقاعدہ آغاز کے بعد 2 سالوں میں تمام میٹروں کی تنصیب کو یقینی بنائیں گے اور دس سال بعد میٹروں کی ملکیت واسا کی ہو گی۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News