وزیراعلیٰ کے پی سے 40 نو منتخب ویلج کونسل ممبران کی ملاقات، پی ٹی آئی میں شمولیت

وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان سے بنوں سے نو منتخب ویلج کونسل ممبران نے ملاقات کی اور 40 کے قریب نو منتخب ویلج کونسل ممبران کی پی ٹی آئی میں شمولیت اختیار کرلی۔
وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے پی ٹی آئی میں شامل ہونے والوں کو پارٹی ٹوپیاں پہنائیں، پی ٹی آئی میں شامل ہونے والے نو منتخب ویلج کونسل ممبران میں سکندر حیات خان، حامد اللہ خان، محمد اسرار خان، ملک شکیل خان اور دیگر شامل ہیں۔
صوبائی وزیر فیصل امین گنڈا پور، اپم پی اے پختون یار، نو منتخب تحصیل چئیرمین میریان پیر کمال شاہ اور دیگر بھی اس موقع پر موجود تھے۔
وزیراعلیٰ محمود خان نے اس موقع پر کہا کہ پارٹی میں شامل ہونے والے نو منتخب بلدیاتی نمائندوں کو خوش آمدید کہتا ہوں، نو منتخب بلدیاتی نمائندوں کی شمولیت سے علاقے میں پارٹی مزید مضبوط ہوگی۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ بڑی تعداد میں نو منتخب بلدیاتی نمائندوں کی پی ٹی آئی میں شمولیت موجودہ حکومت کی پالیسیوں پر عوام کے اعتماد کا اظہار ہے، بلدیاتی انتخابات کے پہلے مرحلے میں بنوں میں پی ٹی آئی کی کارکردگی اچھی رہی ہے۔
محمود خان نے کہا کہ امید ہے بنوں میں آئندہ عام انتخابات میں پی ٹی آئی اس سے بھی اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرے گی، پہلی دفعہ موجودہ حکومت نے تحصیل چئیرمین کے لئے بلاواسطہ انتخابات منعقد کئے، بلدیاتی نظام میں اس طرح بلاواسطہ انتخابات کا انعقاد کا کریڈٹ عمران خان کو جاتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی حکومت حقیقی معنوں میں اختیارات کی نچلی سطح تک منتقلی پر یقین رکھتی ہے، بلدیاتی حکومتوں کے قیام سے عوام کے مسائل نچلی سطح پر حل ہونگے، نو منتخب بلدیاتی نمائندے اپنے اپنے علاقوں میں مقامی سطح کے عوامی مسائل حل کرنے کے لئے اپنا موثر کردار ادا کریں۔
محمود خان نے کہا کہ صوبائی حکومت عوامی مسائل کو مقامی سطح پر حل کرنے کے لئے بلدیاتی نمائندوں کو ہر ممکن تعاون فراہم کرے گی۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News