خام تیل کی بڑھتی قیمتیں؛ اوپیک اور اتحادی ممالک نے سر جوڑ لئے

تیل کی قیمتیں
عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی بڑھتی قیمتوں پر اوپیک اور اس کے اتحادی ممالک نے سر جوڑ لئے ہیں۔
غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق امریکا اور نیٹو نے یوکرین پر روس کے ممکنہ حملے کو روکنے کے لیے کوششیں تیز کردی ہیں، اس حوالے سے روس پر انتہائی سخت اقتصادی پابندیوں کا عندیہ بھی دیا گیا ہے۔یوکرین کی سرحد پر روس کے ہزاروں فوجیوں کی تعیناتی پر جنگ کے خدشات بڑھ گئے ہیں۔
دوسری جانب حوثی باغیوں نے سعودی عرب کے بعد اب متحدہ عرب امارات پر بھی حملے شروع کردیئے ہیں۔
عالمی منظر نامے میں جنگ کے بادل گہرے ہونے کی وجہ سے بین الاقوامی منڈی میں خام تیل کی قیمت 7 سال کی بلند ترین سطح پر موجود ہے۔
مزید پڑھیے: خام تیل کی قیمت 8 سال کی بلند ترین سطح پر جاپہنچی
خام تیل کی قیمتیں مستحکم کرنے کے لیے تیل برآمد کرنے والے ممالک کی نمائندہ تنظیم اوپیک اور اس کے اتحادیوں کا 2 فروری کو بذریعہ وڈیو کانفرنس اجلاس ہورہا ہے۔
13 اوپیک ممالک اور اس کے اتحادی ملکوں کے اس اجلاس میں خام تیل کی قیمتوں کو مستحکم رکھنے کے لئے تیل کی پیداوار میں اضافے پر غور کیا جائے گا۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ سعودی عرب اور روس مارچ سے خام تیل کی پیداوار بڑھا کر 4 لاکھ بیرل یومیہ کرنے کا فیصلہ کرسکتے ہیں۔
معاشی تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ خام تیل کی پیداوار میں اضافے کی یہ حکمت عملی 2020 ہی تشکیل دی گئی تھی جب کورونا کے باعث دنیا بھر میں صنعتوں کا پہیہ رک گیا تھا۔
تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ اوپیک ممالک نے تیل کی پیداوار اپنے اعلان کردہ اہداف کے مقابلے میں کم ہی رکھی ہے جس کی وجہ سے خام تیل کی قیمتیں مسلسل بڑھ رہی ہیں۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News

