چوہدری پرویز الہیٰ نے تحریک عدم اعتماد میں (ن) لیگ سے بات نہ بننے کی وجہ بتادی

مسلم لیگ (ق) کے رہنما چوہدری پرویز الہیٰ نے وزیراعظم عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد میں (ن) لیگ کے ساتھ اتحاد نہ کرنے کی وضاحت کردی۔
نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے اسپیکر پنجاب اسمبلی اور مسلم لیگ (ق) کے رہنما چوہدری پرویز الہیٰ نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف 35 سال بعد ہمارے گھر تشریف لائے جس کے بعد ہم ان کے ساتھ محتاط طریقے سے چلتے رہے کیوں کہ ہمارے درمیان ایک نیا آغاز ہوا تھا۔
اسپیکر پنجاب اسمبلی کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ (ن) کے ساتھ محتاط چلنے کی اصل وجہ تاریخ ہے، جہاں 3 دفعہ پہلے بھی ہمارے ساتھ ایسا ہوا تھا، حالانکہ آصف زرداری نے ہمیں یقین دلایا تھا کہ اگر (ن) لیگ والے مجھے وزیراعلیٰ نہیں بناتے تو وہ پیچھے ہٹ جائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) میں جن لوگوں کو شہباز شریف سے آن بورڈ ہونا چاہیے تھا وہ نہیں تھا اور خاص طور پر ان کے خاندان اور پارٹی میں جو لوگ بہت میٹر کرتے ہیں جو میاں نوازشریف کی آواز ہیں، خاص طور پر مریم نواز کو پسند نہیں تھا اور اس پورے گروپ کو لگ رہا تھا کہ 7 سے 10 سیٹوں والوں کو سب کچھ کیوں دیا جارہا ہے۔
یہ بھی پڑھیں؛ وزیراعلیٰ پنجاب وہی ہوگا جس کا فیصلہ اپوزیشن کرے گی، آصف زرداری
چوہدری پرویز الہیٰ کا کہنا تھا کہ اس میں کوئی شک نہیں کہ شہباز شریف پارٹی کے صدر اور قائد حزب اختلاف ہیں اور ان کا ایک مقام ہے لیکن وہ اپنے بھائی نوازشریف کے ویٹو کا رخ نہیں موڑسکتے جب کہ ہماری خوش قسمتی کہ ہمیں چیزوں کو علم ہوجاتا ہے اور ہمیں یہ اطلاع ملی تھی کہ پنجاب میں ہمارا ٹائم پیریڈ 3 سے 4 مہینے کا ہوگا، اس سے زیادہ نہیں ہے اور یہ طے ہوگیا تھا۔
انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کے ساتھ سنجدہ بات چیت چل رہی تھی اور وزیراعظم عمران نے خود فون کرکے بلایا کہ میں انتظار کر رہا ہوں آجائیں، پھر ہم بنی گالہ گئے اور وہاں معاملات طے پاگئے جب کہ آج بھی عمران خان سے ملاقات ہوئی اور انہوں نے بتایا کہ میں حیران ہوں آپ کا ہماری جماعت میں اچھا رسپانس آیا ہے۔
ایم کیو ایم سے متعلق پوچھے گئے سوال پر چوہدری پرویز الہیٰ کا کہنا تھا کہ میں نے وزیراعظم کو مشورہ دیا کہ ایم کیو ایم کو گورنر شپ اور وزارت بحری امور دے دیں جس پر وزیراعظم نے کہا کہ ایم کیو ایم سے بات چیت چل رہی ہے اور ہم معاملات طے کرلیں گے۔
واضح رہے وزیراعظم عمران خان نے اپوزیشن کی جانب سے تحریک عدم اعتماد یپش کیے جانے پر وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار سے استعفیٰ لے کر مسلم لیگ (ق) کے چوہدری پرویز الہیٰ کو وزیراعلیٰ پنجاب نامزد کردیا ہے۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News

