ہمارا مشن تعلیمی اداروں سے منشیات کا خاتمہ کرنا ہے، شاہ زین بگٹی

وفاقی وزیر نارکوٹکس شاہ زین بگٹی نے کہا ہے کہ ہمارا مشن تعلیمی اداروں سے منشیات کا خاتمہ کرنا ہے۔
وفاقی وزیر نارکوٹکس شاہ زین بگٹی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نوجوانوں کی بڑی تعداد نشے کی عادی بن چکی ہے، اگر انہیں نشے سے نہیں روکا گیا تو تباہی ہو گی جس کے لیے محکمہ اینٹی نارکوٹکس فورس کام کر رہا ہے۔
شاہ زین بگٹی نے کہا کہ نارکوٹکس فورس میں اہلکاروں کی کمی ہے، محکمے میں خالی اسامیوں کو پُر کیا جائے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ عمران خان کی حکومت سے پہلے سیاست میں اختلاف ہوتا تھا، عمران خان نے روایات کا خاتمہ کر دیا، خان نے سوائے الزام تراشی کے ملک کے لیے کچھ نہیں کیا، کوئی عمران خان سے پوچھے انہوں نے کون سے اسپتال یا تعلیمی ادارے بنائے؟ آج جو مسئلے ہیں یہ سب عمران خان کے اقدامات کا نتیجہ ہے، پاکستان بننے سے لے کر جتنا قرضہ لیا گیا تھا اتنا عمران خان نے تین سال میں لیا۔
انہوں نے کہا کہ ملک میں مہنگائی کی وجہ عالمی صورتحال بھی ہے، ملک میں زرعی پانی کی قلت قدرتی تھی جس کی وجہ سے زراعت کا بڑا نقصان ہوا ہے، ہم سابقہ حکمرانوں کی طرح چور ڈاکو امپورٹڈ کے نعرے نہیں لگائیں گے بلکہ ہماری حکومت کی کوشش ہے کہ حالات کو بہتر کریں اور ہمارا مشن ہے کہ تعلیمی اداروں سے منشیات کا خاتمہ کریں کیونکہ اس ہی طرح ہمارا مستقبل محفوظ ہو گا۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ منشیات کا خاتمہ نہ ہونے کی وجہ منشیات فروش کو سزا نہ ہونا بھی ہے، سینیٹ میں بل پاس کرانے کی بات ہوئی ہے کہ سزا کو سخت کیا جائے۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News

