کراچی میں بجلی کی طویل لوڈشیڈنگ، ماڑی پور روڈ پر شہریوں کا احتجاج

کراچی میں لوڈشیڈنگ کے ستائے شہریوں نے ماڑی پور میں بجلی کی بندش کے خلاف کل سے سراپا احتجاج ہے جس کے باعث سڑک پر گاڑیوں کی قطاریں لگ گئی ہیں۔
تفصیلات کے مطابق کراچی میں شدید گرمی اور لوڈ شیڈنگ کے ستائے عوام سڑکوں پر نکل آئے ماڑی پور روڈ پر 24 گھنٹے سے زائد گزرنے کے بعد بھی بجلی کی لوڈ شیڈنگ کے خلاف احتجاج جاری ہے جب کہ شہریوں نے بجلی کی بندش کے باعث 14 مختلف مقامات پر اپنا احتجاج ریکارڈ کروایا۔
مظاہرین نے بجلی کی فراہمی تک احتجاج ختم کرنے سے انکار کر دیا، گزشتہ روز سے جاری احتجاج کو 24 گھنٹے سے زائد کا وقت گزر چکا ہے اور تب سے ہی ماڑی پوڑ روڈ ٹریفک کے لیے بند ہے جب کہ بجلی کی بندش پرگزشتہ روز سے ماڑی پور روڈ پر خواتین اور بچوں سمیت علاقہ مکین سراپا احتجاج ہیں۔
بجلی کی بندش کے خلاف کراچی کے علاقے ماڑی پور روڈ پر احتجاج کرنے والے شہریوں پر پولیس نےلاٹھیاں برسائیں اور شیلنگ کی۔ جواب میں مظاہرین نے بھی پولیس پر پتھراؤ کیا جب کہ پولیس کی جانب سے متعدد شہریوں کو گرفتار بھی کیا گیا ۔
پولیس نے مظاہرین کو ہٹانے کے لیے ہوائی فائرنگ بھی کی تاہم مظاہرین منشتر ہونے کے بعد پولیس جاتے ہی دوبارہ سڑک بند کردیتے ہیں۔
احتجاج کے سبب آئی سی آئی پل سے لیاری ایکسپریس وے جانے والے روڈ پر ٹریفک معطل ہے جب کہ آئی سی آئی پل سے ماڑی پور اور سائٹ ایریا جانے والا ٹریفک بھی معطل ہے جس کے بعد ٹریفک کے قطاریں لگ گئی جبکہ روڈ بلاک ہونے کے باعث کئی طالب علم امتحانات دینے نہ جاسکے۔
دوسری جانب گڈاپ سٹی میں بجلی کی لوڈشیڈنگ کا دورانیہ 18 گھنٹے تک بڑھ گیا ہے، شاہ فیصل کالونی، ملیر، سرجانی ٹاؤن، جہانگیر روڈ، گلستان جوہر، گارڈن، سلطان آباد، کالا پل سمیت شہر کے مختلف علاقوں میں بجلی کی طویل اور غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کا سلسلہ جاری ہے اور شہر کے اکثر علاقوں میں لوڈشیڈنگ کا دورانیہ 4 سے 14 گھنٹے تک پہنچ گیا ہے۔
بجلی کی بندش کے خلاف متعدد علاقوں میں پانی کا بھی بحران پیدا ہوگیا ۔ مختلف علاقوں میں پانی کی عدم فراہمی پر بھی احتجاج کیا گیا ۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ ہر ایک گھنٹے بعد دو گھنٹے کے لیے بجلی بند کر دی جاتی ہے۔ متعدد علاقوں میں 4 سے 6 گھنٹے مسلسل بجلی کی فراہمی معطل رہتی ہے جب کہ متعدد علاقوں میں رات 11 بجے سے ایک بجے تک اور صبح 4 بجے سے 7 بجے تک اعلانیہ لوڈ شیڈنگ ہوتی ہے جب کہ غیر اعلانیہ بجلی کی بندش کا کوئی ٹائم ہی نہیں ہے۔
واضح رہے کہ کراچی کی 30 فیصد علاقوں میں کے الیکٹرک نے بجلی بچانے کے لیے 10 گھنٹے تک مرمت کے نام پر بجلی بند کردی، مستنی علاقوں میں ہر 2 گھنٹے بعد ڈیڑھ گھنٹے کی لوڈشیڈنگ کی جارہی ہے۔
زرائع کے الیکٹرک کا کہنا ہے کہ شہر میں بجلی کی طلب 3200 میگاواٹ تک پہنچ گئی، کے الیکٹرک محض 2 ہزار میگاواٹ بجلی پیدا کررہی ہے جس میں 1 ہزار میگاواٹ وفاق کی بجلی شامل ہے۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News

