ہم علماء کرام کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کریں گے، صدر آزاد جموں وکشمیر

صدر آزاد جموں وکشمیر نےکہا ہے کہ ہم علماء کرام کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کریں گے۔
تفصیلات کے مطابق صدر آزاد جموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے ایوان صدر کشمیر ہاؤس اسلام آباد میں علماء کے ایک وفد سے ملاقات کی ہے۔
اس موقع پر علماء کرام نے صدر آزاد جموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کی مسئلہ کشمیر کو بین الاقوامی سطح پر اُجاگر کرنے، مقبوضہ کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی پامالی اور یاسین ملک کا مسئلہ انٹرنیشنل فورمز پر اُٹھانے پر انہیں زبردست خراج تحسین پیش کیا اور اس امر کا اعادہ کیا کہ وہ ہرمسئلے پر صدر ریاست آزاد جموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کے ساتھ ہیں۔
ملاقات میں صدر آزاد جموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا کہ میں علماء کرام کا شکر گزار ہوں کہ انہوں نے اسلام آباد اور مظفرآباد میں منعقدہ کل جماعتی ریلیوں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا۔
انہوں نے کہا کہ ہم علماء کرام کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کریں گے جبکہ قاری، خطیب حضرات کی تنخواہوں میں اضافہ اور دیگر مسائل بھی حل کیے جائیں گے اور اس سلسلے میں ہم آئندہ بھی اپنی کوششیں جاری رکھیں گے۔
سلطان محمود چوہدری نے کہا کہ آزادکشمیر میں کوئی قانون قرآن و سنہ سے بالا تر نہیں ہو سکتا ،میں جب وزیر اعظم تھا تو میں نے اس سلسلے میں سیرت کانفرنس بلائی تھی اور اب بھی جلد ہی سیرت کانفرنس بلا کر دوبارہ ان چیزوں کا جائزہ لیا جائے گا کہ کوئی قانون قرآن و سنت کے منافی تو نہیں۔
صدر آزاد جموں وکشمیر کا کہنا تھا کہ آزادکشمیر میں مذہبی ہم آہنگی کی فضا ہے اور ہمیں اسے جاری رکھنا ہے۔
ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ بھارت میں مودی سرکار کی ترجمان نپور شرمانے حضور ﷺ کی شان میں گستاخی کر کے پوری دنیا کے مسلمانوں کے جذبات مجروع کیے ہیں۔
صدر آزاد جموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کا مزید کہنا تھا کہ بھارتی سپریم کورٹ بھی اس کے خلاف بول پڑی ہے جبکہ مودی اب بھی نپور شرما کی حمایت میں ہے جبکہ 20سے زائد مسلمان ممالک کی وزارت خارجہ نے بھارتی سفیروں کو بلا کر اس پر زبردست احتجاج کیا ہے ،اس سلسلے میں علماء کرام بھی اپنا کردار ادا کریں۔
وفد میں ممبر قانون ساز اسمبلی و پارلیمانی سیکرٹری حکومت آزادکشمیر علامہ مولانا پیر مظہر سعید، چیئرمین علماء مشائخ کونسل امتیازاحمد صدیقی، مفتی محمد عارف نقشبندی رکن اسلامی نظریاتی کونسل کوٹلی، مفتی سید وجاہت حسین سوہاوی سجادہ نشین دربار عالیہ سوہاوہ شریف اور دیگر علماء کرام بھی موجود تھے۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News

