مشکل وقت ضرور ہے لیکن عوام کو ریلیف دینگے، وزیر اعلیٰ سندھ

وزیر اعلیٰ سندھ
وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کا کہنا ہے کہ مشکل وقت ضرور ہے لیکن عوام کو ریلیف دینگے۔
مراد علی شاہ نے سکھر میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سندھ اس وقت مشکل وقت سے گزر رہا ہے، سندھ میں اس سال ریکارڈ بارشیں ہوئی ہیں۔
‘ریلیف کے کام میں کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی’
انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت لوگوں کو ریلیف دینے میں مصروف ہے، کوشش کررہے ہیں کہ بارش اور سیلاب متاثرین کی ہر ممکن مدد کریں، ریلیف کے کام میں کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔
‘دریائے سندھ سے اونچے درجے کا سیلابی ریلہ گزرے گا’
وزیر اعلیٰ سندھ نے کہا کہ ہر ضلع کا جائزہ لے رہے ہیں نقصانات کا تخمینہ بھی لگارہے ہیں، دریائے سندھ سے اونچے درجے کا سیلابی ریلہ گزرے گا، آج رات گڈو بیراج میں اونچے درجے کا سیلابی ریلہ داخل ہوجائے گا۔
مراد علی شاہ کا کہنا ہے کہ کل رات سکھر بیراج تک اونچے درجے کا سیلابی ریلہ پہنچ جائے گا، جو ابھی تک اعداد و شمار ہیں اس کے حساب سے 6 لاکھ کیوسک پانی آئے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ گڈو بیراج سے سکھر بیراج تک حفاظتی بندوں کی نگرانی سخت کی گئی ہے، انشاءاللہ یہ سیلابی ریلہ خیر و عافیت سے گزر جائے گا، مشکل وقت ضرور ہے لیکن انشاءاللہ عوام کو ریلیف دیں گے۔
سندھ کے بیراجوں پر پانی کی سطح تیزی سے بلند ہونے لگی
دریائے سندھ میں تغیانی، سندھ کے بیراجوں پر پانی کی سطح تیزی سے بلند ہونے لگی، گڈو اور سکھر بیراج پر درمیانے درجے کا سیلاب، سیکڑوں دیہات زیر آب، لوگوں سےمال مویشیوں سمیت محفوظ مقامات پر منتقل ہونے کی اپیل کی گئی۔
سیلابی ریلہ کوٹری بیراج کی جانب بڑھ رہا ہے گڈو اور سکھر بیراج سے نکلنے والی تمام کینالوں کو بند کردیا گیا، آئندہ 2سے 3روز میں گڈو اور سکھر بیراج پر اونچے درجے کے سیلاب کا امکان ہے، سکھر میں موسلا دھار بارشوں کے پیش نظر ضلعی انتظامیہ نے تعلیمی اداروں کی مزید 2روز کی چھٹی کا اعلان کردیا۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News

