شمالی وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز کا آپریشن، ایک دہشت گرد ہلاک

آئی ایس پی آر
شمالی وزیرستان کے علاقے میرعلی میں سیکیورٹی فورسز کے آپریشن میں ایک دہشت گرد ہلاک ہوگیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق میران شاہ میں سیکیورٹی فورسز نے دہشتگردوں کی موجودگی کی خفیہ اطلاع پر آپریشن کیا۔
پاک فوج کے ترجمان کا کہنا تھا کہ آپریشن کے دوران فائرنگ کا شدید تبادلہ ہوا جس میں دہشت گردوں کی فائرنگ کا بھرپور جواب دیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آپریشن کے دوران ایک دہشت گرد مارا گیا جبکہ ہلاک دہشت گرد سے اسلحہ بھی برآمد ہوا۔
آئی ایس پی آر نے بتایا کہ ہلاک دہشت گرد شمالی وزیرستان میں قاری سمیع کی ہلاکت، سیکیورٹی فورسز اور شہریوں پر حملوں میں ملوث تھا۔
پاک فوج کے ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ عمائدین علاقہ نے دہشت گردی کے خاتمے کیلئے آپریشن کی مکمل حمایت کی ہے۔
دہشت گردوں کا سیکیورٹی فورسز کی چیک پوسٹ پر حملہ، 2 جوان شہید
گزشتہ روز دہشت گردوں نے بلوچستان کی تحصیل ہرنائی میں سیکیورٹی فورسز کی چیک پوسٹ پر حملہ کیا تھا جس کے نتیجے میں 2 جوان شہید ہوگئے تھے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر ) کے مطابق دہشت گردوں نے حملہ 13 اور 14 اگست کی رات کو کیا جبکہ سیکیورٹی فورسز نے حملہ کامیابی سے ناکام بنا دیا۔
پاک فوج کے ترجمان کا کہنا تھا کہ دہشت گرد بھاگ کر قریبی پہاڑوں پر چھپ گئے جن کا تعاقب کیا گیا جس کے بعد سیکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں میں فائرنگ کا شدید تبادلہ ہوا جس کے نتیجے میں دہشت گردوں سے بہادری سے لڑتے ہوئے دو جوان جسم شہادت نوش کر گئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق پاک فوج کے جوان نائیک عاطف اور سپاہی قیوم شہید ہوگئے جبکہ میجر عمر زخمی ہیں۔
آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ 75 ویں یوم آزادی کے موقع پر سیکیورٹی فورسز اپنے عوام کے ساتھ شانہ بشانہ ہیں۔
پاک فوج کے ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ سیکیورٹی فورسز بلوچستان میں امن استحکام اور ترقی میں رکاوٹ ڈالنے کی ہر کوشش ناکام بنائیں گی۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News

