پاک فوج کے ہیلی کاپٹرز کے ذریعے سوات میں محصور درجنوں افراد ریسکیو

پاک فوج
پاک فوج کے ہیلی کاپٹرز نے سوات میں محصور 110 افراد کو ریسکیو کر کے کانجو کینٹ منتقل کردیا ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق پاک فوج نے سوات میں پھنسے 110 افراد کو ہیلی کاپٹروں کے ذریعے محفوظ مقامات پر منتقل کردیا، یہ افراد خوازہ خیلہ میں پھنسے ہوئے تھے انھیں کانجو کینٹ سوات منتقل کیا گیا ہے۔
جاری کردہ پیغام میں آئی ایس پی آر نے بتایا کہ سیلاب ریلوں میں پھنسے افراد کو نکالنے کےلیے چار آرمی ایوی ایشن کے ہیلی کاپٹرز بھیجے گئے تھے۔
آئی ایس پی آر نے کہا کہ ریسکیو کیے گئے افراد کو کھانا اور ضروری طبی امداد کی فراہمی کا سلسلہ جاری ہے جبکہ کمراٹ کی پہاڑیوں پر پھنسے افراد کے ریسکیو کے لیے ہیلی کاپٹر جلد روانہ ہوں گے، ہیلی کاپٹر کانجوکینٹ سوات میں موسم بہتر ہونے کے منتظر ہیں۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ دیراسکاوٹس کی جانب سے فلڈ ریلیف سینٹر بھی قائم کردیا گیا ہے، دیراسکاوٹس کنٹرول رومز کے نمبربھی جاری کردیئے گئے ہیں۔
آئی ایس پی آر نے مزید کہا کہ متاثرین موبائل نمبر 03091311310 ،03235780067 ، 0945825526 پر رابطہ کر سکتے ہیں۔
دریائے سوات میں ایک بار پھر سیلاب
دریائے سوات میں ایک بار پھر اونچے درجے کا سیلاب آیا ہوا ہے، جس سے کالام بازار میں 30 دکانوں پر مشتمل 2 مارکیٹیں سیلابی ریلے میں بہہ گئیں۔
سیلاب کے باعث کالام میں فالیر نامی گاؤں صفحہ سے مٹ گیا، گاؤں کے 15 مکانات سیلاب ساتھ بہا کر لے گیا۔
ضلعی انتظامیہ نے دریائے سوات میں لکڑی پکڑنے اور ماہی گیری اور نہانے پر پابندی عائد کر دی ہے، مختلف علاقوں میں لکڑی پکڑنے، ماہی گیری اور نہانے والوں کے خلاف کارروائیاں کی گئیں۔
ضلعی انتظامیہ نے دفعہ 144 کی خلاف ورزی پر 209 افراد کو گرفتار کر لیا ہے، لکڑی پکڑنے والوں سے بھاری تعداد میں سلیپر ضبط کر لیے گئے۔
سیلاب ملک بھر میں مزید 119 زندگیاں نگل گیا، تعداد 1033 ہو گئی
سیلاب ملک بھر میں مزید 119 زندگیاں نگل گیا، جس کے بعد مجموعی اموات کی تعداد 1033 ہو گئی۔
اين ڈى ايم اے کی رپورٹ کے مطابق ملک بھر میں 24 گھنٹے میں 71 افراد زخمى ہوئے، 14 جون سے اب تک ملک بھر میں 1033 افراد زندگى کى بازى ہار چکے، بلوچستان میں 238، کے پى 226، آزاد کشمير میں 38 افراد جاں بحق ہو چکے ہیں۔
اين ڈى ايم اے کے مطابق ملک بھر میں 456 مرد، 207 خواتين اور 348 بچے جاں بحق ہوئے، ملک بھر میں اب تک زخميوں کى مجموعی تعداد بھی 1527 ہو گئى ہے، صوبہ سندھ زخمى افراد میں سرفہرست ہے ، تعداد 1009 تک پہنچ گئى، کے پى میں 282، پنجاب میں 105، بلوچستان میں 106 افراد زخمى ہوئے۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News

