چینی سفیر کی سربراہ پاک فضائیہ سے ملاقات، علاقائی پیش رفت پر تبادلہ خیال

عوامی جمہوریہ چین کے سفیر عزت مآب جناب نونگ رونگ نے سربراہ پاک فضائیہ ائیر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو سے ملاقات کر کے علاقائی پیش رفت پر تبادلہ خیال کیا۔
تفصیلات کے مطابق عوامی جمہوریہ چین کے سفیر عزت مآب جناب نونگ رونگ نے آج سربراہ پاک فضائیہ ائیر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو سے ان کے دفتر میں ملاقات کی جس کے دوران باہمی دلچسپی کے کئی اہم شعبوں اور علاقائی پیش رفت پر تبادلہ خیال ہوا۔
اس موقعے پر سربراہ پاک فضائیہ نے پاک فضائیہ کی آپریشنل کنسٹرکٹ کے مطابق فضائی، خلائی اور سائبر اسپیس کے شعبوں میں عصر حاضر کی جنگی آپریشنل صلاحیتوں کے حصول کے لیے پاک فضائیہ کو جدید خطوط پر استوار کرنے کی مہم کے وسیع منصوبوں کا زکر کیا۔
ائیر چیف نے اس بات کو بھی اجاگر کیا کہ دونوں ممالک کے درمیان بے مثال اسٹریٹیجک شراکت داری قائم ہے۔
انہوں نے پاک فضائیہ اور پیپلز لیبریشن آرمی ائیر فورس کے مابین موجود دو طرفہ عسکری اور تربیتی شعبے میں تعاون کو مزید بڑھانے کے عزم کا بھی اعادہ کیا۔
ائیر چیف کا کہنا تھا کہ پاکستان چین کے ساتھ اپنے مضبوط سفارتی، اقتصادی اور دفاعی تعلقات اور آزمائش کی ہر گھڑی میں غیر متزلزل اور بے مثال دوستی کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے جو علاقائی امن، سلامتی اور استحکام سے متعلق تمام اہم امور پر ہم آہنگی پر مبنی ہے۔
اس دوران معزز مہمان نے پاک فضائیہ کے اہلکاروں کی پیشہ ورانہ مہارت اور گزشتہ برسوں کے دوران پاک فضائیہ کی جانب سے خاص طور پر خود انحصاری کے میدان میں کی گئی غیر معمولی پیش رفت کی تعریف کرتے ہوئے علاقائی امن کے فروغ میں پاکستان کی کوششوں کو سراہا.
ملاقات کے دوران دونوں شخصیات نے ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجی اور عسکری صنعت سمیت مختلف شعبوں میں مزید تعاون بڑھانے پر زور دیا۔
معزز سفیر نے پاکستان میں سیلاب سے ہونے والے جانی نقصان اور تباہی پر پاکستانی عوام سے دلی تعزیت بھی کی۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News

