شر پسند عناصر ملک سے پولیو کے خاتمے کی مہم کو روکنے میں ہمیشہ ناکام رہیں گے، وزیراعظم

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ شر پسند عناصر ملک سے پولیو کے خاتمے کی اس مہم کو روکنے میں ہمیشہ ناکام رہیں گے۔
تفصیلات کے مطابق وزیرِ اعظم شہباز شریف نے بلوچستان کے نواحی علاقے بلیلی میں پولیو ٹیم کی حفاظت پر مامور پولیس کی گاڑی پر دھماکے کی مذمت کی اور واقعے کی فوری تحقیقات کی ہدایت سمیت زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کی بھی ہدایت کی ہے۔
وزیراعظم نے کہا ہے کہ واقعے میں پولیس اہلکار سمیت اور ایک بچے کی شہادت پر دلی دکھ اور رنج ہوا کیونکہ پولیو اہلکار ملک سے موذی مرض کے خاتمے کیلئے جان کی پرواہ کئے بغیر یہ فریضہ سر انجام دے رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ شر پسند عناصر ملک سے پولیو کے خاتمے کی اس مہم کو روکنے میں ہمیشہ ناکام رہیں گے کیونکہ پاکستانی قوم، قانون نافذ کرنے والے ادارے اور پولیو اہلکار شرپسند عناصر کی ان مزموم کوششوں کو کبھی کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔
انہوں نے بتایا کہ ملک سے پولیو کا مکمل خاتمہ حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے اور ملک سے پولیو کے خاتمے تک چین سے نہیں بیٹھے گے۔
وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناءاللہ کی مذمت:
وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناءاللہ کی جانب سے بھی بلیلی چیک پوسٹ بلوچستان دھماکے کی شدید مذمت کی گئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ دھماکا بظاہرخودکش لگتا ہے جس میں دہشت گردی کا ٹارگٹ پولیس پارٹی تھی تاہم بلوچستان حکومت سے وقوعہ کی تفصیلی رپورٹ طلب کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پولیس شہداء کوخراج عقیدت پیش کرتا ہوں۔ قوم کو ان کی قربانیوں پر فخر ہے تاہم وفاقی وزیر نے دھماکے سے پولیس اہلکاروں اور بچے کی شہادت پر دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے زخمی پولیس اہلکاروں کی جلد صحتیابی کیلئے دعا بھی کی ہے۔
وزیراعلیٰ بلوچستان کی مذمت
دوسری جانب وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے کوئٹہ میں بلوچستان کانسٹیبلری کے ٹرک کے قریب دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردوں نے سیکیورٹی فورس پر بزدلانہ حملہ کیا، دہشت گردی کی کارروائیوں سے امن کے قیام کے ہمارے عزم کو کمزور نہیں کیا جاسکتا۔
وزیراعلیٰ نے دہشت گردی کی بزدلانہ کارروائی میں قیمتی جانی نقصان پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے زخمیوں کو علاج معالجہ کی بہترین سہولتوں کی فراہمی کی ہدایت دی۔
میر عبدالقدوس بزنجو نے کہا کہ سیکیورٹی فورسز کے حوصلے بلند اور عزم مضبوط ہے۔ واقعے میں ملوث عناصر اور انکے سرپرستوں کو قانون کی گرفت میں لایا جائے گا۔
کوئٹہ کے علاقے بلیلی کے قریب خود کش دھماکے کے نتیجے میں خاتون سمیت 3 افراد شہید ہوگئے۔
پولیس نے بتایا کہ دھماکہ بلوچستان کانسٹیبلری کے ٹرک پر ہوا، جس میں 16 اہلکار زخمی ہوگئے جبکہ دھماکے کے باعث قریب سے گزرنے والی گاڑی بھی زد میں آگئی۔
پولیس کا کہنا ہے کہ دھماکے کی زد میں آ کر قریب سے گزرنے والی گاڑی میں موجود خاتون بھی زخمی ہوئی اور اردگرد کی دوسری گاڑیوں کوبھی نقصان پہنچا۔
خیال رہے کہ پولیس موقع پر موجود ہے جبکہ بم ڈسپوزل اسکواڈ کو بھی موقع پر طلب کیا گیا ہے۔
دھماکے کے فوری بعد اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کرتے ہوئے طبی عملے کو الرٹ کردیا گیا۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News