الیکشن کمیشن کا اسلام آباد میں 31 دسمبر کو بلدیاتی انتخابات کرانے سے انکار

اسلام آباد میں شیڈول کے مطابق بلدیاتی انتخابات کرانے کا سنگل بنچ کا فیصلہ چیلنج
اسلا آباد: الیکشن کمیشن نے اسلام آباد میں 31 دسمبر کو بلدیاتی انتخابات کرانے سے انکار کردیا ہے۔
اسلام آباد ہائی کورٹ نے کل 31 دسمبر کو اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات کرانے کا حکم دیا جس پر الیکشن کمیشن نے ہنگامی اجلاس طلب کیا۔
اجلاس کی صدارت ڈی جی لاء محمد ارشد نے کی جس میں چیف الیکشن کمشنر نے ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی۔
اجلاس میں اسلام آباد ہائی کورٹ کے فیصلے کے خلاف انٹرا کورٹ اپیل دائر کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے جب کہ الیکشن کمیشن کی قانونی ٹیم اسلام آباد ہائی کورٹ میں موجود ہے۔
انتخابات کے لیے 7 دن کا وقت درکار
الیکشن کمیشن کے ذرائع کے مطابق بلدیاتی انتخابات کل نہیں کراسکتے، بلدیاتی انتخابات کرانے کے لیے کم از کم سات دن کا وقت درکار ہے۔
اجلاس میں بریفنگ کے دوران کہا گیا کہ تمام ریٹرننگ افسران اپنے گھروں کو جاچکے ہیں اور انتخابی سامان کی ترسیل کے لیے وقت درکار ہے۔
الیکشن کمیشن میں افرا تفری
ذرائع کے مطابق الیکشن کمیشن میں افراتفری کی صورت حال پیدا ہوگئی ہے جب کہ پولنگ اور سیکیورٹی عملے کی تعیناتی الیکشن کمیشن کے لیے بڑا چیلنج بن گیا ہے۔
اتنی کم مہلت میں ٹرانسپورٹ اور پولنگ مواد کی پولنگ اسٹیشن تک ترسیل دشوار ہے، پولنگ مواد پولنگ اسٹیشن پہنچانا اور پولنگ بوتھ کا قیام بڑا چیلنج ہے۔
پریزائیڈنگ افسران کو محکمہ تعلیم سے لیا گیا تھا جن کی چھٹیاں منسوخ تھیں، الیکشن کا شیڈول کالعدم ہونے پر پریزائیڈنگ افسران واپس اپنے محکمے کے ڈسپوزل پر چلے گئے ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اس وقت پریزاڈنگ افسران اور پولنگ عملہ کہاں ہے معلوم نہیں، انہیں واپس لینا بڑا ٹاسک ہے جب کہ بیلیٹ مواد کی ترسیل الیکشن کمیشن کے لیے بہت مشکل ٹاسک ہے ، اس کے لیے فول پروف سیکیورٹی درکار ہے۔
الیکشن کمیشن کا رانا ثناءاللہ سے ٹیلی فونک رابطہ
الیکشن کمیشن نے وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ سے ٹیلیفونک رابطہ کیا جس دوران الیکشن کمیشن نے بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے وزیر داخلہ سے مشاورت کی۔
رابطے میں اسلام آباد ہائی کورٹ کے فیصلے کا جائزہ لیا گیا، الیکشن کمیشن نے رانا ثناء اللہ سے کل صبح تک پولنگ اسٹیشنز سیکیورٹی پر بات کی۔
اتنے کم وقت میں پولنگ اسٹیشنز پر سیکیورٹی نہیں دے سکتے
وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ کا کہنا تھا کہ اتنے کم وقت میں پولنگ اسٹیشنز پر سیکیورٹی نہیں دے سکتے۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News

