سینیٹ اجلاس، اپوزیشن اراکین کا احتجاج، اعظم سواتی کے حق میں نعرے بازی

پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے سینیٹ اجلاس کے دوران شدید احتجاج کا سلسلہ جاری ہے جبکہ اعظم سواتی کے حق میں نعرے بازی بھی کیا جارہی ہے۔
تفصیلات کے مطابق چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کی زیر صدارت سینیٹ کا اجلاس آج دوپہر 3 بجے شروع ہوا جس دوران اپوزیشن اراکین کی جانب سے احتجاج ریکارڈ کروایا گیا ہے۔
تحریک انصاف کے اراکین کی جانب سے چیئرمین سینیٹ کے ڈائس کا گھیراؤ کیا گیا اور مطالبہ کیا گیا کہ اعظم سواتی کے پروڈکیشن آرڈرز جاری کیےجائیں۔
اس موقع پر چیئرمین سینیٹ کا کہنا تھا کہ اعظم سواتی کےپروڈکشن آرڈربعد میں جاری کر دیں گے۔
دوسری جانب اجلاس میں مرحومہ سینیٹر نجمہ حمید، ملک کے مختلف علاقوں میں سیکیورٹی فورسز کے شہید ہونے والے اہلکاروں کے لئے فاتحہ خوانی کی گئی، سینیٹر نجمہ حمید کو خراج تحسین پیش کرنے کی قرارداد وفاقی وزیر برائے قانون و انصاف سینیٹر اعظم نذیر تارڑ نے پیش کی تاہم سینیٹ نے قرارداد متفقہ طور پر منظور کر لی۔
بعدازاں سینیٹ نے بیرونی سرمایہ کاری کے فروغ اور تحفظ کا بل 2022 منظور کرتے ہوئے اجلاس جمعرات تین بجے تک ملتوی کر دیا ۔
خیال رہے کہ سینیٹ میں اپوزیشن کی اتحادی جماعتوں کی پارلیمانی پارٹی کے اجلاس کے دوران پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے بھرپور احتجاج کرنے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔
واضح رہے کہ سینیٹ اور قومی اسمبلی کے اجلاس آج پارلیمنٹ ہاؤس اسلام آباد میں الگ الگ ہوں گے۔
صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے آئین پاکستان کے آرٹیکل 54 کے تحت سینیٹ کا اجلاس آج سہ پہر 3 بجے طلب کر لیا ہے۔
سینیٹ کا اجلاس آج سہ پہر 3 بجے ہو گا جس کا 35 نکاتی ایجنڈا جاری کردیا گیا ہے۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News

