کراچی میں بلدیاتی انتخابات، جماعت اسلامی اور پیپلزپارٹی اپنی اپنی برتری کے دعویدار

کراچی میں بلدیاتی انتخابات، جماعت اسلامی اور پیپلزپارٹی اپنی اپنی برتری کے دعویدار
جماعت اسلامی اور پیپلزپارٹی نے کراچی میں بلدیاتی انتخابات میں اپنی اپنی برتری کے دعوے کردیئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز سندھ میں بلدیاتی انتخابات کا دوسرا مرحلہ ہوا جس میں سندھ کی حکمران جماعت سمیت مختلف جماعتوں نے حصہ لیا۔
کراچی میں بلدیاتی انتخابات کے دنگل کا فاتح کون؟ جماعت اسلامی اور پیپلز پارٹی کے اپنی اپنی برتری کے دعوے، جماعت اسلامی کا مختلف ٹاؤنز کی 100 سے زائد یوسیز پر جیت کا دعویٰ، پیپلز پارٹی کا 80 نشستیں جیتنے کا دعویٰ#BOLNews #LocalBodyElection pic.twitter.com/HxUZKfRzNV
Advertisement— BOL Network (@BOLNETWORK) January 16, 2023
سندھ میں بلدیاتی انتخابات کے دوسرے مرحلے میں کراچی اور حیدرآباد ڈویژن میں مختلف حلقوں سے غیر حتمی اور غیرسرکاری نتائج آنے کا سلسلہ جاری ہے۔
پاکستان پیپلزپارٹی کا دعویٰ:
کراچی میں بلدیاتی الیکشن کے اب تک سامنے آنے والے نتائج پر پاکستان پیپلز پارٹی نے 80 سیٹوں پر کامیابی حاصل کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔
پی پی کے ترجمان کا کہنا ہے کہ ضلع ملیر کے تین ٹاؤنز میں 30 میں سے 23 یونین کمیٹی جیت گئے ، ضلع کیماڑی کے تین ٹاؤنز میں 32 میں سے 18 یونین کمیٹی جیت گئے جبکہ ضلع شرقی میں پیپلز پارٹی 12 نشست جیت چکی ہے اور ضلع ساؤتھ کے دو ٹاؤنز میں 25 میں سے 13 یونین کمیٹی جیت گئے، تین پر گنتی جاری ہے ۔
اسکے علاوہ سہراب گوٹھ ٹاون ڈسٹرکٹ ایسٹ کی 8 یوسیز میں سے 6 یو سیز (3،4،5،6،7،8) پیپلز پارٹی نے جیت لیں ہیں اور ویسٹ میں پانچ ، سینٹرل میں چار اور کورنگی میں تین یونین کمیٹیوں پر پیپلز پارٹی آگے ہے۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ ویسٹ میں پانچ ، سینٹرل میں چار اور کورنگی میں تین یونین کمیٹیوں پر پیپلز پارٹی آگے ہے۔
جماعت اسلامی کا دعویٰ:
کراچی کے بلدیاتی الیکشن کے نتائج پر جماعت اسلامی کا بڑا دعوی کرتے ہوئے کہا ہے کہ اورنگی ٹاؤن ، گلبرک ٹاؤن ، نارتھ ناظم آباد ٹاؤن ، نارتھ کراچی ٹاؤن ، نئی کراچی ٹاؤن ، گلشن اقبال ٹاؤن ، سوسائٹی ، لانڈھی ، کورنگی ٹاؤن سمیت 100سے زائد نشستوں پر جماعت اسلامی کامیابی حاصل کرچکی ہے۔
دوسری جانب جماعت اسلامی نے سادہ اکثریت حاصل کرنے کا دعویٰ کرتے ہوئے بلاشراکت میئر بنانے کا اعلان بھی کردیا ہے۔
حیدرآباد ڈویژن:
حیدرآباد میں ہونے والے بلدیاتی انتخابات کے غیر حتمی اور غیر سرکاری نتائج کے مطابق پیپلزپارٹی کو واضح برتری حاصل ہے جس کی 160 یونین کونسلز میں سے پیپلزپارٹی 36، پی ٹی آئی 4 اور جماعت اسلامی 2 نشتوں پر کامیاب رہی ہے۔
خیال رہے کہ بلدیاتی انتخابات کے لیے پولنگ صبح 8 بجے شروع ہوئی جو بغیر کسی وقفے کے شام 5 بجے تک جاری رہی۔ 5 بجے کے بعد پولنگ اسٹیشن کے احاطے میں موجود ووٹرز کو ووٹ کاسٹ کرنے کی اجازت دی گئی۔
سندھ میں بلدیاتی انتخابات 16 اضلاع میں ہورہے تھے جن میں کراچی ڈویژن کے 7 اور حیدرآباد ڈویژن کے 9 اضلاع شامل تھے۔ بلدیاتی انتخابات کے لئے 8706 پولنگ سٹیشن قائم کیے گئے تھے، مردوں کے لیے 1204 اور خواتین کے لیے 1170 پولنگ سٹیشنز بنائے گئے تھے۔
کراچی ڈویژن کے 7 اضلاع میں بلدیاتی الیکشن
کراچی ڈویژن کے 7 اضلاع (وسطی، شرقی، جنوبی، غربی، کیماڑی، ملیر، کورنگی) کی 25 ٹاؤنز کی 246 یوسیز کے 984 وارڈز میں بلدیاتی انتخابات کیلئے ووٹنگ جاری رہی۔
ہر یونین کونسل میں 4 وارڈز ہیں۔ ووٹر کو چیئرمین اور وائس چیئرمین کے علاوہ وارڈ کا جنرل کونسلر منتخب کرنا ہوگا، چیئرمین اور وائس چیئرمین کا ایک ووٹ ہوگا، دوسرا ووٹ جنرل کونسلر کا ہوگا، ہر یونین کونسل 11 ارکان پر مشتمل ہوگی، یونین کونسل میں 6 افراد براہِ راست منتخب ہوں گے۔
کراچی ڈویژن میں چیئرمین، وائس چیئرمین اور جنرل ممبر کی نشست کے لیے 9 ہزار 58 امیدوار میدان میں ہیں اور مختلف یونین کمیٹیوں سے 7 امیدوار بلا مقابلہ منتخب ہوچکے ہیں۔
کراچی ڈویژن کی جنرل ممبرز اور چیئرمین اور وائس چیئرمین کی 22 نشستوں پر امیدواروں کے انتقال کے باعث انتخابات آج نہیں ہوئے۔ ان امیدواروں میں مختلف یونین کمیٹیوں کے 9 چیئرمین اور وائس چیئرمین جب کہ 13 جنرل ممبرز کے امیدوار بھی شامل ہیں۔
حیدرآباد ڈویژن کے 9 اضلاع میں بلدیاتی الیکشن
حیدرآباد میں 2551، دادو میں 1436، جامشورو میں 839، ٹنڈوالہیار میں 781، مٹیاری میں 715 اور ٹنڈومحمد خان میں 452 امیدوار مختلف نشستوں پر الیکشن میں حصہ لیا۔
بلدیاتی انتخابات میں حصہ لینے والے 26 یوسی چیئرمین اور 149 وارڈز کے جنرل ممبران بلامقابلہ منتخب ہوچکے ہیں جب کہ 134 یوسی چیئرمین اور 291 وارڈز پر مقابلہ ہوگا جس کے لئے 25 سو سے زائد امیدوار اپنی قسمت آزما رہے ہیں۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News

