پیپلز پارٹی کی کارکردگی صرف ریکارڈ کرپشن ہے، حافظ نعیم الرحمان

پیپلز پارٹی کی کارکردگی صرف ریکارڈ کرپشن ہے، حافظ نعیم الرحمان
امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمان نے کہا ہے کہ سندھ حکومت کی خراب کارکردگی ہر جگہ نظر آرہی ہے اور پیپلز پارٹی کی پرفارمنس صرف ریکارڈ کرپشن ہے۔
حافظ نعیم الرحمان نے ادارہ نورالحق میں وزیر اعلیٰ سندھ کی جانب سے کراچی کی آبادی 2 کروڑ قرار دینے اور بلدیاتی انتخابات آزادانہ، منصفانہ، شفاف یقینی بنانے کے حوالے سے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بلاول بھٹو 2007 سے حکومت میں شامل ہے لیکن آج تک کے فور منصوبہ مکمل نہیں کیا۔
انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے 11 وفاقی وزراء موجود ہیں لیکن اس کے باوجود پانی کا ایک فیصد کوٹہ منظور نہیں کروایا۔
انکا کہنا ہے کہ اسٹیبلشمنٹ کہتی ہے کہ ہم غیر سیاسی ہے تو زرداری، ٹیسوری، ڈاکٹرائن کون کررہا ہے، ایم کیو ایم کے دھڑوں کو کون ملارہا ہے، زرداری، ٹیسوری، ڈاکٹرائن اور ایم کیو ایم کے دھڑوں کو ملانا صرف کرپشن میں حصہ داری کے لیے ہے، زرداری ٹیسوری ڈاکٹرائن سے کوئی فائدہ نہیں ہوگا۔
پیپلز پارٹی کی پرفارمنس کراچی کے عوام سے چھپی ہوئی نہیں ہے
حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی پرفارمنس کراچی کے عوام سے چھپی ہوئی نہیں ہے، عباسی شہید سمیت سرکار کے تحت چلنے والے اسپتال کچرا کنڈی کا ڈھیر بنے ہوئے ہیں۔
امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ سرکاری اسکولوں کی صورتحال اتنی اچھی ہے کہ کوئی بھی وزراء اپنے بچوں کو ان اسکولوں میں پڑھانا نہیں چاہتا۔
انکا کہنا ہے کہ پورے سندھ کا 326 ارب روپے کا بجٹ ہے لیکن سرکاری اسکولوں کو اصطبل میں تبدیل کیا ہوا ہے، اسلامیہ کالج پر قبضہ کیا جارہا ہے، تعلیم دشمن اقدامات کیے جارہے ہیں لیکن سندھ حکومت کے کانوں میں جوں تک نہیں رینگ رہی۔
بلاول بھٹو بتائیں کہ کے الیکٹرک کا والد کون ہے؟
نعیم الرحمان نے کہا کہ کے الیکٹرک مافیا کو تمام حکومتی جماعتوں نے سرپرستی دی ہوئی ہے، بلاول بھٹو بتائیں کہ کے الیکٹرک کا والد کون ہے؟
انہوں نے کہا کہ بحریہ ٹاؤن کے ہزاروں لوگوں کی زمینوں پر قبضہ کیا، ملک ریاض اربوں روپے کے نادہندہ ہیں اور نیا پروجیکٹ لارہے ہیں۔ کراچی کے عوام پیپلز پارٹی اور ان کے اتحادی کی پرفارمنس کو اچھی طریقے سے جانتے ہیں۔
حافظ نعیم الرحمان کا 8 جنوری کو شاہراہ قائدین پر جلسے کا اعلان
امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ 8 جنوری کو شاہراہ قائدین پر کراچی کا تاریخی جلسہ عام کیا جائے گا، شاہراہ قائدین پر ہونے والے والا جلسہ کراچی میں رہنے والے ہر پارٹی ورکرز کے لوگوں کا جلسہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ گزشتہ رات نوجوانوں کو جاں بحق کردیا گیا، خود پولیس چیف کا بیان ہے کہ اسٹریٹ کرائمز کی شرح میں 7 فیصد اضافہ ہوگیا ہے۔
نعیم الرحمان نے کہا کہ کراچی کے شہری پولیس کے خوف سے ایف آئی آر بھی درج نہیں کرواتے، کراچی کے بچوں کو محفوظ کرنے کا ایجنڈا اعلان کراچی میں پیش کریں گے، پر امن طریقے سے آبادیوں کو منظم کریں گے۔
جماعت اسلامی الیکشن مہم چلارہی ہے
انکا کہنا ہے کہ الیکشن 15 جنوری کو کروائے جائیں، صاف شفاف اور یقینی بنانے کے حوالے سے ضروری اقدامات کیے جائیں۔
امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ زرداری ٹیسوری ڈاکٹرائن کے نتیجے میں الیکشن ملتوی کرنے کی سازشیں کی جارہی ہیں، ہم ہر صورت میں ان کی سازشوں کو بے نقاب کریں گے۔
نعیم الرحمان نے مزید کہا کہ جماعت اسلامی الیکشن مہم چلارہی ہے، ہمارا مقابلہ پارٹیوں سے نہیں مافیاز سے ہے، الیکشن مہم میں اختیارات کی منتقلی، آر اوز اور ڈی آر اوز کی غیر جانبدار تقرری کے حوالے سے بھی مہم چلائیں گے۔
اس موقع پر سکریٹری کراچی منعم ظفر خان، نائب امراء کراچی راجا عارف سلطان،انجینئر سلیم اظہر، سکریٹری اطلاعات زاہد عسکری، کے الیکٹرک کمپلنٹ سیل کے نگراں عمران شاہد، ڈپٹی سکریٹری اطلاعات صہیب احمد ودیگر بھی موجود تھے۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News